برٹش الیون کیخلاف اعزاز چیمہ 6 رنز دیکر 3 وکٹیں لے اُڑے

بابراعظم کی ففٹی، پی سی بی الیون 45 رنز سے کامیاب، میچ میں کئی اسٹارز کی شرکت


Sports Reporter November 08, 2012
بابراعظم کی ففٹی، پی سی بی الیون 45 رنز سے کامیاب، میچ میں کئی اسٹارز کی شرکت۔ فوٹو: فائل

ٹوئنٹی 20 کرکٹ میچ میں پی سی بی الیون نے برٹش آرمی کو 45 رنز سے مات دیدی۔

بابر اعظم نے نصف سنچری بنائی جبکہ اعزاز چیمہ صرف 6 رنز کے عوض 3 وکٹیں لے اُڑے۔ راولپنڈی اسٹیڈیم پر کھیلے گئے میچ میں پاکستانی کرکٹرز شعیب ملک، اظہر علی اور عمران نذیر مہمان سائیڈ کی طرف سے میدان میں اترے، پی سی بی الیون کی قیادت عمرگل کے سپرد تھی، راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں برٹش آرمی کے کپتان پرنسلو نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹ پر 165کا مجموعہ ترتیب دیا، بابر اعظم نے 42 گیندوں پر3 چھکوں اور5 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست62 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، فیصل اقبال نے 27 اور اسد شفیق نے24 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ دیا، عمران فرحت9، احمد شہزاد16اور فہد اقبال 14، سرفراز احمد6رنز تک محدود رہے، یاسر عرفات کو کھاتہ کھولنے کا موقع نہ مل سکا۔

پرنسلو نے 18 رنز کے عوض 3 وکٹیں اپنے نام کیں، شعیب ملک نے 34 رنز دیکر ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا، جواب میں برٹش الیون19.2 اوورز میں120 رنز پر رخصت ہو گئی، اظہر علی35 بالز پر 3 چھکوں اور 2 چوکوںکی مدد سے39 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، شعیب ملک نے17 رنز اسکور کیے، امانول26 اور وارلے12 رنز بنانے میں کامیاب رہے، عمران نذیر صرف ایک رن بنانے کے بعد یاسر عرفات کی گیند پرایل بی ڈبلیو ہوگئے،اعزاز چیمہ نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے4 اوورز میں6 رنز کے عوض3 پلیئرز کو آئوٹ کیا، یاسر عرفات ، اسد شفیق اور احمد شہزاد نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ میچ کے اختتام پر چیئرمین پاکستان بورڈ ذکا اشرف نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے، مصباح الحق اور محمد حفیظ بھی اس موقع پر موجود تھے۔