حکومت نے سپریم کورٹ کی ہدایت پر سوئس حکام کو خط بھیج دیا

متن وہی ہے جس پر وزیرقانون اور عدالت میں اتفاق ہوا تھا، سرکاری ٹی وی


Monitoring Desk/Numainda Express November 08, 2012
خط سوئٹزر لینڈ میں پاکستانی سفارتخانے کو ارسال کیا گیا ہے جو اسے سوئس حکام کے حوالے کریگا، عدالت عظمی میں کیس کی سماعت14 نومبرکو ہو گی، جس میں اٹارنی جنرل اس حوالے سے تحریری طور پر آگاہ کرینگے .فوٹو فائل

وزارت قانون نے سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق سوئس اٹارنی کوخط لکھ دیا۔ خط ڈپلومیٹک بیگ کے ذریعے بھج دیا گیا ہے۔

جس میں سابق اٹارنی جنرل ملک قیوم کی طرف سے سوئس حکام کو منی لانڈرنگ کے مقدمات سے دستبرداری کا خط واپس لینے، منی لانڈرنگ کے مقدمات کی بحالی، مبینہ رقم پر حکومت پاکستان کا دعویٰ برقرار رکھنے اور صدرکے استثنٰی کا کہا گیا ہے۔ این این آئی نے سر کاری ٹی وی کے حوالے سے بتایا کہ یہ خط پانچ نومبرکو دفترِ خارجہ کے ذریعے بھجوایا گیا اس خط کامتن وہی ہے جس پر عدالت اور وزیرِ قانون میں اتفاقِ رائے ہوا تھا۔ سپریم کورٹ نے 10 اکتوبرکو این آر او عملدرآمدکیس میں وفاقی حکومت کی جانب سے سوئس حکام کو لکھے جانے والے خط کے مسودے کی منظوری دی تھی۔ مسودے میں لکھا گیا تھا کہ ملک قیوم کا خط واپس لیا جائے اور اسے ایسا تصور کیا جائے کہ جیسے یہ کبھی لکھا ہی نہیں گیا تھا۔

عدالت نے حکومت کو خط لکھنے کیلیے چار ہفتے کی مہلت دی تھی اور وزیر اعظم کیخلاف توہین عدالت کے نوٹس کو فوری طور پر واپس لینے سے انکار کر دیا تھا اور اسے سوئس حکام کو خط کی وصولی کی رسید سے مشروط کر دیا تھا۔ سپریم کورٹ میں اس معاملے کی سماعت14 نومبرکو ہونا ہے جس میں حکومت کی جانب سے خط کی وصولی کا ثبوت پیش کیا جائے گا۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزارت قانون نے بھی خط بھجوانے کی تصدیق کردی ہے۔ خط سوئٹزر لینڈ میں پاکستانی سفارتخانے کو ارسال کیا گیا ہے۔ پاکستانی سفارتخانہ خط سوئس حکام کے حوالے کرے گا۔اب اس کیس کی سماعت 14 نومبر کو ہو گی، جس میں اٹارنی جنرل سوئس حکام کو بھیجے گئے خط اور اس حوالے سے خط و کتابت کے بارے میں عدالت کو تحریری طور پر آگاہ کریں گے۔