جی ایس پی رپورٹ یورپی پارلیمانی کمیٹیوں نے توثیق کردی

ٹریٹی امپلیمنٹیشن سیل کی میٹنگ میں یورپی پارلیمنٹ کے مکمل اجلاس میں رپورٹ پر بحث کیلیے حکمت عملی ترتیب دی گئی


Khususi Reporter March 02, 2016
ٹریٹی امپلیمنٹیشن سیل کی میٹنگ میں یورپی پارلیمنٹ کے مکمل اجلاس میں رپورٹ پر بحث کیلیے حکمت عملی ترتیب دی گئی فوٹو: این این آئی/فائل

وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر نے کہا ہے کہ یورپی پارلیمنٹ کی انسانی حقوق، خارجہ اور دفاع خاص طور پر بین الاقوامی تجارت کی قائمہ کمیٹیوں نے یورپی کمیشن کی پاکستان کے جی ایس پی پلس پرمثبت رپورٹ کی تحفظات کے بغیر توثیق کر دی ہے۔

کمیٹیوں نے وزیر اعظم کی طرف سے انسانی حقوق میں بہتری کے روڈ میپ پر دستخط کو سراہا گیا، یورپی کمیشن نے یورپی ارکان پارلیمنٹ پر واضح کیا کہ پاکستان نے جی ایس پی پلس کے حوالے سے سزائے موت پر کوئی قانونی کمٹمنٹ نہیں دی لہٰذا سزائے موت کے حوالے سے پاکستان پر کوئی قانونی ذمے داری لاگو نہیں کی جا سکتی، پاکستانی حکومت اور یورپی یونین کے باہمی تعاون سے جی ایس پی پلس کو2024تک کامیابی سے چلایا جائے گا۔

وہ جی ایس پی پلس سے متعلق انسانی حقوق کنونشن پر عملدرآمد کے لیے قائم کیے گئے ٹریٹی امپلیمنٹیشن سیل کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے، اجلاس میں وزیر اعظم کے خصوصی معاون برائے قانون و انسانی حقوق اشتر اوصاف نے بھی شرکت کی۔ ٹریٹی امپلیمنٹیشن سیل کی میٹنگ میں یورپی پارلیمنٹ کے مکمل اجلاس میں رپورٹ پر بحث کیلیے حکمت عملی ترتیب دی گئی۔ وسط فروری میں بین الاقوامی تجارت کی کمیٹی میں پاکستان کی نمائندگی اشتر اوصاف اور برسلز میں پاکستانی سفیر نغمانہ ہاشمی نے کی۔

اشتر اوصاف نے میٹنگ میں بتایا کہ برسلز میں یورپی کمیشن اور کمیٹی کے ارکان نے پاکستان کے دہشت گردی کے خلاف بر سر پیکار ہونے کے باوجودانسانی حقوق میں بہتری سے متعلق کوششوں کو سراہا۔ پاکستانی سفیر نغمانہ ہاشمی نے کہا کہ حالیہ ماہ میں پاکستانی ارکان پارلیمنٹ کے برسلز کے دورے کے رپورٹ پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوئے اور حالیہ مثبت پیشرفت متقاضی ہے کہ پاکستان جی ایس پی پلس سے متعلق اپنی سفارتکاری جاری رکھے۔

مقبول خبریں