غیرملکی فرم مائیکروفنانس سیکٹر میں سرمایہ کاری کریگی

ایک مائیکروفنانسر کے 50 فیصد حصص کی خریداری ڈیل آئندہ ہفتے ہوجائے گی۔


Business Reporter November 09, 2012
مجوزہ بینک شرعی اصولوں کے مطابق کم آمدن افراد کو چھوٹے قرضے دیگا، ڈاکٹر جاوید فوٹو فائل

پاکستانی نژادغیرملکی فرم نے ایک مائیکروفنانس بینک کے 50 حصص کی خریداری کی منصوبہ بندی کرلی اور حصص کی خریداری ڈیل آئندہ ہفتے مکمل ہوجائے گی۔

مجوزہ مائیکروفنانس بینک شرعی اصولوں کے مطابق کم آمدن افراد کوچھوٹے قرضوں کا اجرا کرے گا۔ اسلامک مائیکروفنانس بینک کے قیام میں دلچسپی لینے والے غیرملکی فرم کے سربراہ ڈاکٹر جاوید اے چوہدری نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ ان کے ادارے کی جانب سے پاکستان میں اسلامک مائیکروفنانس کے اجرا کے حوالے سے متعلقہ ریگولیٹر سے رابطہ کیا گیا تھا لیکن متعلقہ ریگولیٹر کا موقف ہے کہ رائج بینکاری ومالیاتی قوانین کے مطابق بحیثیت ریگولیٹروہ فی الوقت مائیکروفنانس بینکوں کو لائسنس جاری کرنے کا مجاز ہے کیونکہ رائج نظام میں مائیکرو اسلامک بینکنگ متعارف کرانے کے حوالے سے ان کے پاس ریگولیشنز دستیاب نہیں ہیں۔

جاوید چوہدری نے بتایا کہ پاکستان میں اسلامک مائیکروفنانس بینک قائم کرنے میں ریگولیشنزمشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے ادارے کی جانب سے ایک آپریشنل مائیکروفنانس بینک کی خریداری کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں ایک مائیکروفنانس بینک کی انتظامیہ سے 50فیصد حصص کی خریداری کیلیے بات چیت جاری ہے جس پر مقامی مائیکروفنانس بینک کی انتظامیہ نے رضامندی بھی ظاہر کردی ہے اور اس مائیکروفنانس بینک کے حصص کی خریداری کا عمل مکمل ہونے کے بعد پاکستان میں کم آمدنی کے حامل افراد کوشرعی اصولوں کے مطابق چھوٹی مالیت کے قرضوں کا اجرا کیا جائے گا تاکہ پاکستان میں غربت کی شرح کم ہوسکے اور کم آمدنی کے حامل خاندانوں کا معیار زندگی بلند ہوسکے۔

مذکورہ مائیکروفنانس بینک میں جسٹس شہزاد شیخ کا نام شرعی بورڈ کے چیئرمین کیلیے تجویز کیا گیا ہے، مائیکروفنانس بینک کے حصص کی خریداری ڈیل کی منظوری آئندہ چند روز میں مکمل ہوجائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اقوام متحدہ کے فنڈ نے بھی ان کے ادارے سے رابطہ کرتے ہوئے مائیکرو فنانس کی سطح پر60 فیصد ڈوبے ہوئیقرضوں کی ضمانت دینے کی پیشکش کی ہے، اقوام متحدہ کے فنڈ کی جانب سے اس پیشکش کے نتیجے میں قرضوں کے اجرا میں ایک بڑے حجم کے خسارے کے اندیشے کو تحفظ حاصل ہوجائے گا۔

مقبول خبریں