ملائیشین طیارہ ایم ایچ 370 جنوبی چین کے سمندر کے پاس ریڈار سے غائب ہوا رپورٹ

8 مارچ 2014 کے روز ایم ایچ 370 کے غائب ہونے سے قبل ملائیشیا اور ویتنام کے ایئر کنٹرولر کی گفتگو سامنے آگئی۔


ویب ڈیسک March 08, 2016
8 مارچ 2004 کے روز ایم ایچ 370 کے غائب ہونے سے قبل ملائیشیا اور ویتنام کے ایئر کنٹرولر کی گفتگو سامنے آگئی۔ فوٹو؛ فائل

ملائیشین ایئر لائن کی پرواز ایم ایچ 370 کی پراسراریت سے پردہ اٹھنے کا انتظار پوری دنیا کر رہی ہے لیکن معمہ حل ہونے کی بجائے الجھتا ہی جا رہا ہے اور اب ایک نئی رپورٹ میں ویتنام اور ملائیشیا کے ایئر کنٹرولر کی گفتگو سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ جہاز جنوبی چین کے سمندر کے اوپر سے اچانک ریڈار سے غائب ہوگیا اور آج تک اس کا پتہ نہ چل سکا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 8 مارچ 2014 کے روز ایم ایچ 370 کے غائب ہونے سے قبل ملائیشیا اور ویتنام کے ایئر کنٹرولر کے درمیان گفتگو میں طیارے کے اچانک غائب ہونے پر دونوں کے درمیان پریشان کن اور افراتفری واضح طور پر محسوس کی جا سکتی ہے لیکن اس گفتگو کا سب سے اہم حصہ وہ ہے جس میں ایک کنٹرولر کہہ رہا ہے کہ طیارہ جنوبی چین کے سمندر کے اوپر تھا جب ریڈار سے غائب ہوگیا۔

فون پر ویتنام کا کنٹرول ملائیشیا کے دارلحکومت کوالالمپور میں موجود کنٹرولر سے سوال کر رہا ہے کہ آخری بار طیارے سے کب رابطہ ہوا جس پر ملائیشیا کا ایئر کنٹرول اس بات کی وضاحت کرتے ہوئے بتا رہا ہے آخری بار جب جہاز سے ان کا رابطہ ہوا تو وہ اس وقت جنوبی چین کے سمندر پر موجود تھا لیکن پھر اچانک اس سے رابطہ منقطع ہوگیا جس پر ملائیشین ایئر کنٹرول کہ رہا ہے کہ طیارہ غائب ہوگیا ہے اور فوری طور پر آپ دیگر طیاروں کی مدد سے اس کی لوکیشن کا پتہ لگائیں جس پر ویتنام کا کنٹرول بتا رہا ہے کہ یہ کوشش کر لی گئی ہے لیکن طیارے سے کوئی رابطہ نہیں ہورہا۔

ملائیشین ایئر لائن کے اس طیارے کو غائب ہوئے 2 سال مکمل ہوگئے ہیں لیکن اس کے باوجود اس کے عملے کے بارے میں ابھی تک کوئی حتمی اور یقینی ثبوت سامنے نہیں آسکے ہیں تاہم اس طیارے کے ساتھ لاپتہ ہونے والے 239 افراد کے پیارے ابھی بھی امید لگائے بیٹھے ہیں کہ شاید طیارہ مل جائے اور ان کے پیاروں کا پتہ چل سکے جب کہ دوسری جانب آسٹریلوی ٹیم بحر ہند کے ایک لاکھ 20 ہزار رقبے کے اندر طیارے کی تلاش میں مصروف ہے۔