کراچی میں بد امنی جاری فائرنگ سے باپ بیٹے سمیت مزید12افراد ہلاک

ڈاکس میں ٹھیکیدار قتل،کریم آباد مینا بازار کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے سید حیدر ہلاک ہوگیا


Staff Reporter November 10, 2012
شیر شاہ میں لوٹ مار کے دوران ملزمان اور شہریوں میں فائرنگ کا تبادلہ، نذیر بلوچ ہلاک،ریکسر میں فائرنگ ،لیاری گینگ کے 4ملزمان ہلاک فوٹو: فائل

بدامنی کا سلسلہ جمعے کو بھی ختم نہ ہوسکے اور مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں باپ بیٹے سمیت مزید12 افراد ہلاک ہوگئے ۔

تفصیلات کے مطابق قائد آباد کے علاقے نیو مظفر آباد کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے35سالہ شاہ نذر ولد عثمان ہلاک ہوگیا ، مقتول کی لاش ضابطے کی کارروائی کیلیے جناح اسپتال پہنچائی گئی ، قائد آباد پولیس کے مطابق مقتول علاقے کا چوکیدار ہے ، جی ایریا گلی نمبر 16 میں گشت کے دوران نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا ، مقتول کا آبائی تعلق دیر سے تھا ، مقتول کے بھائی نے پولیس کو بتایا کہ ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے ، پولیس نے مقتول کے بھائی شیر ولی کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ، گلزار ہجری روڈ پر نامعلوم افراد کی کار پر فائرنگ سے کار سوار 40 سالہ انور ولد اصغر حسین شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر ابو الحسن اصفہانی روڈ پر نجی اسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا ۔

سچل پولیس کے مطابق مقتول گلزار ہجری اسکیم 33 کا رہائشی تھا اور جائیداد کی خرید و فروخت کا کام کرتا تھا ، پولیس نے واقعے کو کاروباری رقابت کا شاخسانہ قرار دیا ہے ، مقتول تین بچوں کا باپ تھا ، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی ، ڈاکس کے علاقے میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 30 سالہ نیاز محمد ولد عبداللہ خان ہلاک ہوگیا ، مقتول کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال پہنچائی گئی ، ڈاکس پولیس کے مطابق مقتول مچھر کالونی کا رہائشی تھا اور واقعے کے وقت اپنے کام پر جارہا تھا کہ ریلوے پھاٹک پر محمدی مسجد کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے اسے ہلاک کردیا ، مقتول ٹھیکیدار تھا اور کنسٹرکشن کا کام کرتا تھا ، پولیس نے مقتول کے بھائی نذر محمد کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔

شیرشاہ میں موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ڈبل کیبن سوار افراد کو روک کر ان سے اسلحے کے زور پر لوٹ مار کی کوشش کی تاہم اسی دوران گاڑی میں سوار افراد نے فائرنگ کردی جس سے دونوں اطراف سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا ، فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں ایک شخص35 سالہ نذیر بلوچ ہلاک ہوگیا ، پولیس کے مطابق مقتول کلاکوٹ کا رہائشی تھا ، مقتول کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے جبکہ اس کا ساتھی فرارہوگیا ، پولیس کے مطابق واقعے کا کوئی مقدمہ درج نہیں کرایا گیا ہے ۔ عزیز آباد کے علاقے کریم آباد مینا بازار کے سامنے بازار فیصل کوالٹی حلیم شاپ کے باہر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے40 سالہ سید حیدر زیدی عرف سعید بھائی ولد غضنفر حسین زیدی جاں بحق ہو گیا مقتول کی لاش عباسی شہید اسپتال پہنچائی گئی ۔

مجلس وحدت المسلمین کے ترجمان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول رضویہ سوسائٹی مکان نمبرF/42 کے رہائشی اور4 بچوں کے باپ تھے ، مقتول کا ناظم آباد ہادی مارکیٹ میں پرنٹنگ پریس بھی ہے ، مقتول نے متعدد عربی اور فارسی کتابوں کا اردو میں ترجمہ بھی کیا جبکہ متعدد کتابوں کے مصنف بھی تھے ، مقتول کا دارلاسخافہ کے نام سے ایک ادارہ بھی، امامیہ اسٹوڈنٹ آرگنائزیشن کے مرکزی صدر عمران طاہر نے بتایا کہ مقتول امامیہ اسٹوڈنٹ آرگنائزیشن کے ذیلی نذارت کے رکن اور معروف اسکالر تھے ، مقتول اتحاد بین المسلمین کے دائی اور امریکہ مخالف استاد بھی تھے۔

واقعے کے وقت مقتول اپنی اہلیہ کے ساتھ بازار فیصل سے شاپنگ کر کے نکل رہے تھے کہ ایک نامعلوم شخص آیا اور مقتول کی اہلیہ کو آنٹی مخاطب کر کے ایک طرف کیا اور ایک گولی سر پر مار دی جس پر مقتول کی اہلیہ قاتل کے قدموں میں گر کر معاف کرنے کے التجا کرتی رہیں تاہم ملزم نے ایک اور گولی سر پر ماری اور پیدل فرار ہو گیا جبکہ ڈاکس کے علاقے مچھر کالونی محمدی کالونی گول مسجد کے قریب کے رہائشی20 سالہ فہیم خان ولد جمال خان کو جھگڑے کے دوران ملز مجیب اﷲ نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا اور ملزم فرار ہو گیا،پولیس کے مطابق مقتول کا آبائی تعلق بنوں سے تھا واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے، پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے اس کے گھر مچھر کالونی میں چھاپہ مارا تھا تاہم وہ اپنے اہلخانہ کے ہمراہ فرار ہوگیا۔

شرافی گوٹھ تھانے کی حدود لانڈھی فیوچر کالونی کے رہائشی قربان شاہ نے اپنے چچا65 سالہ محمود شاہ اس کے بیٹے45 سالہ نیاز شاہ بہو40 سالہ نصیبہ بی بی زوجہ نیاز شاہ اور اس کے2 بچوں12سالہ وقار ولد نیاز شاہ اور اس کی بہن9 سالہ کرن کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال لایا جا رہا تھا کہ محمود شاہ اور اس کا بیٹا نیاز شاہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے ، ہلاک و زخمی ہونے والوں کو جناح اسپتال پہنچایا گیا، ایس ایچ او شرافی گوٹھ اعجاز کھوکھر نے بتایا کہ ملزم قربان شاہ نے تھانے آکر گرفتاری دیدی اور آلہ قتل پستول بھی ڈیوٹی افسر کے حوالے کردیا مقتول محمود شاہ اور بھتیجے ملزم قربان شاہ کے درمیان پلاٹ کا کوئی تنازعہ چل رہا تھا تاہم واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

جبکہ پریڈی کے علاقے صدر موبائل مارکیٹ میں نامعلوم ملزم کی فائرنگ سے35 سالہ نادر حسین ولد شاہ زمان زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال پہنچایا گیا جبکہ سہراب گوٹھ کے علاقے انڈس گرائونڈ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے35 سالہ محمد سعید ولد شاہ زمان ہلاک ہو گیا مقتول کی لاش عباسی شہید اسپتال پہنچائی گئی پولیس کے مطابق مقتول انڈس پلازہ کا رہائشی اور نان بائی کا کام کرتا تھا جبکہ اس کا آبائی تعلق ضلع ہزارہ بٹگرام سے تھا واقعے کے وقت مقتول گھر سے اپنے تندور کی طرف جا رہا تھا کہ گھات لگائے ملزمان نے سر پر 2 گولیاں مار دیں۔پاک کالونی کے علاقے پرانا گولیمار ریکسرلائن کے قریب کار اور موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے4 افراد ہلاک ہو گئے، مقتولین کی لاشیں سول اسپتال پہنچائی گئیں، پولیس کے مطابق مقتولین میں منور، قادر، شاہد اور بابر کے نام سے کرلی گئیں، مقتولین کا تعلق لیاری گینگ وار سے بتایا جاتا ہے۔