دہشتگردی ولاقانونیت نے سیکیورٹی آلات کی کھپت بڑھادی

نمائش میںملکی وملٹی نیشنل کمپنیاں اورصنعتی یونٹس سیکیورٹی آلات خریدنے پرمجبور


Business Reporter November 10, 2012
نمائش میںملکی وملٹی نیشنل کمپنیاں اورصنعتی یونٹس سیکیورٹی آلات خریدنے پرمجبور. فوٹو: ے ایف پی

دہشت گردی اورلاقانونیت کے سبب کراچی میں سیکیورٹی آلات کی کھپت کئی گنا بڑھ گئی،نیشنل اورملٹی نیشنل کمپنیوں مالیاتی اداروں کے علاوہ صنعتی یونٹس بھی سیکیورٹی کے جدیدآلات خریدنے پر مجبور ہیں۔

آئیڈیاز 2012 میں سیکیورٹی آلات فروخت کرنے والی کمپنیوں کوسب سے زیادہ پذیرائی مل رہی ہے جن میں واک تھروگیٹ،اسکینر،سیکیورٹی کیمرے،بلٹ پروف جیکٹ اوربلٹ پروف پردے (شیلڈز)شامل ہیں۔بلٹ پروف جیکٹ اورشیلڈز تیارکرنے والی پاکستانی کمپنی ایسکارٹ کودوبڑے مالیاتی اداروں نے آئی آئی چندریگرروڈپرواقع صدردفترکی عمارت کی کھڑکیوں میں بلٹ پروف شیلڈزنصب کرنے کاآرڈر دیاہے۔

کمپنی کے نمائندے کے مطابق بیرون ملک سے بلٹ پروف فیبرک درآمدکرکے پاکستان میں اعلیٰ معیارکی بلٹ پروف جیکٹ اورشیلڈز تیار کی جاتی ہیں جوتمام چھوٹے ہتھیاروں کے آگے ڈھال کا کام دیتی ہیں،بلٹ پروف شیلڈز نصب کرانے والے مالیاتی اداروںکی عمارت اولڈ سٹی ایریاسے کی جانے والی فائرنگ سے غیرمحفوظ ہوچکی ہیں اورفائر عمارت کے اندر تک آرہاہے جس کے باعث یہ ادارے بلٹ پروف شیلڈز نصب کروارہے ہیں۔نمائش میں زیادہ ترجرمنی،فرانس، برطانیہ اور چین کے تیار کردہ سیکیورٹی آلات رکھے گئے ہیں سیکیورٹی کیمروں کوآن لائن سسٹم سے منسلک کرکے آمدورفت کے دوران گاڑیوں کی نگرانی، گھر دفاتر فیکٹری کے مختلف حصوں کی گھربیٹھے یا بیرون ملک سے نگرانی کیلیے بھی سیکیورٹی آلات متعارف کرائے گئے ہیں اسی طرح دھماکاخیز مواد کی نشاندہی کرنیوالے آلات کوبھی بڑی پذیرائی مل رہی ہے۔