کراچی: سرجانی ٹاؤن میں خاتون اور 4 بچوں کے لرزہ خیز قتل کا مقدمہ درج

پولیس سرجن کے مطابق جاں بحق افراد میں 34 سالہ مہوش، 6 سالہ حسنین، 8 سالہ مرحہ اور 16 ماہ کی اشمیرہ شامل ہیں


ویب ڈیسک September 15, 2026

کراچی میں سرجانی ٹاؤن میں خاتون سمیت چار بچوں کے لرزہ خیز قتل کے واقعے میں لاشوں کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا جبکہ مقدمہ بھی درج کرلیا گیا۔

پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ سید کے مطابق جاں بحق افراد میں 34 سالہ مہوش، 6 سالہ حسنین، 8 سالہ مرحہ اور 16 ماہ کی اشمیرہ شامل ہیں۔ عباسی شہید اسپتال میں تین لاشیں لائی گئی تھیں جبکہ ایک شدید زخمی کمسن کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جو دورانِ علاج دم توڑ گئی۔

پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ طارق کے مطابق تینوں جاں بحق افراد کے سر اور دماغ پر متعدد شدید نوعیت کی چوٹیں پائی گئیں، جبکہ سر پر شدید ضربات کے باعث دماغی ٹشوز کو شدید نقصان پہنچا۔

پولیس سرجن کے مطابق لاشوں سے سیمپل لے کر کیمیکل ایگزامن کے لیے بھیج دیے گئے ہیں۔ مقتولین کو کوئی نشہ آور چیز دی گئی یا نہیں، یہ کیمیکل ایگزامن رپورٹ میں واضح ہوگا۔

پولیس حکام کے مطابق سرجانی ٹاؤن تھانے میں واقعے کا مقدمہ مقتول خاتون کے شوہر اور بچوں کے دادا کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف قتل کی دفعہ کے تحت درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق گزشتہ شب جاں بحق افراد کا پوسٹ مارٹم کرایا گیا، جس کے بعد لاشیں سرد خانے منتقل کردی گئیں۔ قتل سے قبل ماں اور بچوں کو نشہ آور چیز دے کر بے ہوش کیے جانے کا شبہ ہے، جس کی تصدیق پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ہوسکے گی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قتل انتہائی مہارت سے کیا گیا اور قاتل نے شواہد چھپانے کی پوری کوشش کی۔ شبہ ہے کہ مقتولین نشہ آور دوا کے اثر میں جس جگہ موجود تھے، وہیں تشدد کرکے قتل کیے گئے۔

پولیس کے مطابق تاحال آلہ قتل نہیں مل سکا، جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز، موبائل فون ریکارڈ سمیت دیگر پہلوؤں پر تحقیقات جاری ہیں۔