ملک بھرمیں سی این جی اسٹیشنوں کا آڈٹ شروع ریکارڈ طلب

پہلے مرحلے میں گیارہ ،دوسرے میں 350 سی این جی اسٹیشنوں کا آڈٹ کرنیکا فیصلہ


Numainda Express November 10, 2012
15نومبرتک آڈٹ رپورٹ تیارکرکے سپریم کورٹ میں پیش کی جائیگی،اوگراذرائع فوٹو: فائل

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے پہلے مرحلے میں اے کٹیگری کی حامل آڈٹ کمپنی کے ذریعے بے ترتیب آڈٹ کی بنیاد پر جمعہ کو ملک بھر کے گیارہ سی این جی اسٹیشن کا آڈٹ شروع کردیا ہے۔

جسے 15نومبر تک آڈٹ مکمل کرکے ابتدائی رپورٹ تیار کی جائے گی جو آئندہ سماعت پر سُپریم کورٹ آف پاکستان میں پیش کی جائے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں ملک بھر کے تین ہزار چار سو سی این این جی اسٹیشنز میں سے 350 سی این جی اسٹیشن کو بے ترتیب آڈٹ کیلیے منتخب کرکے دسمبر 2012 تک تفصیلی رپورٹ تیار کرنیکا فیصلہ کیا ہے۔اوگرا ذرائع نے بتایا کہ سُپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر اوگرا نے سی این جی اسٹیشنز کا آڈٹ کرنیکا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے سی این جی اسٹیشنز سے انکے اکاونٹس کی تفصیلات سمیت دیگر ریکارڈ طلب کرلیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ اوگرا نے دو آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں پہلا فیزیکل آڈٹ ہوگا جو ملک بھر میں صرف گیارہ سی این جی اسٹیشنز کا کیا جائیگا اور یہ آڈٹ شروع کردیا گیا ہے ۔ اوگرا حکام نے بتایا کہ اویس حیدر نعمان لیاقت آڈٹ فرم کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ مذکورہ آڈٹ فرم کی ٹیم کے ہمراہ اوگرا کی انفورسمنٹ ڈپارٹمنٹ کے حکام بھی سی این جی اسٹیشن پر جاتے ہیں تاکہ سی این جی اسٹیشنز مالکان کو آڈٹ کے حوالے سے شناخت بارے بتایا جاسکے کہ اوگرا کے مقرر کردہ آڈیٹرز آڈٹ کیلیے آئے ہیں ۔ ذرائع نے بتایا کہ اوگرا کی مقرر کردہ آڈٹ ٹیمیںکل اور پرسوں میںکوئٹہ،کراچی،لاہور اور پشاور جائیں گی اور وہاں آڈٹ کیلئے منتخب کردہ سی این جی اسٹیشنز کا آڈٹ کریں گی۔