بنگلہ دیش کے ٹیسٹ کرکٹ میں 12برس مکمل ہوگئے بورڈ نے خصوصی کیک کاٹا

بی سی بی کی جانب سے مختلف پروگرامز منعقد کیے گئے جن میں سابق کپتانوں اور پلیئرز کو بھی مدعو کیا گیا۔


Sports Desk November 11, 2012
بنگلہ دیش نے 10 نومبر 2000 سے بھارت کے خلاف اپنی تاریخ کا پہلاٹیسٹ کھیلا تھا، فوٹو: فائل

بنگلہ دیش کو ٹیسٹ کرکٹ میں 12 برس مکمل ہوگئے، ناکامیوں میں الجھے بنگال ٹائیگرزکی ٹیسٹ سالگرہ کا جشن بورڈ نے خصوصی کیک کاٹ کر منایا۔

بی سی بی کی جانب سے مختلف پروگرامز منعقد کیے گئے جن میں سابق کپتانوں اور پلیئرز کو بھی مدعو کیا گیا۔ بنگلہ دیش نے 10 نومبر 2000 سے بھارت کے خلاف اپنی تاریخ کا پہلاٹیسٹ کھیلا تھا، اس کے بعد سے اب تک ٹیم مجموعی طور پر 73 پانچ روزہ میچز کھیل چکی جن میں سے تین میں فتح، 63 میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔

جبکہ وہ صرف 7 مقابلے ڈرا کرنے میں کامیاب رہے۔ تین میں سے دوکامیابیاں ویسٹ انڈیز کی بی ٹیم کے خلاف ملیں جب ٹاپ پلیئرز ہڑتال پر تھے، ایک فتح زمبابوے کے خلاف ہاتھ آئی، بنگلہ دیش نے پاکستان سے اب تک 8 ٹیسٹ کھیلے تمام میں شکست ہوئی۔ طویل طرز کے فارمیٹ میں مسلسل ناقص کھیل کی وجہ سے بنگلہ دیش سے ٹیسٹ اسٹیٹس ہی واپس لینے کا مطالبہ زور پکڑتا جارہا ہے۔