کراچی200مارکیٹس میںبجلی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کاحکم

تاجراتحاد اورکے ای ایس سی حکام میں مذاکرات، مسائل مشاورت سے حل کرنے پراتفاق


Business Reporter November 12, 2012
مذاکرات میں کے ای ایس سی انتظامیہ اور تاجروں کے درمیان بجلی کے مسائل باہمی مشاورت سے حل کرنے پراتفاق کیا گیا. فوٹو : فائل

آل کراچی تاجر اتحاد کے مطالبے پر کے ای ایس سی حکام نے شہر کی200 سے زائد تجارتی مراکز اور مارکیٹس میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے احکام جاری کردیے ہیں۔

یہ احکام کے ای ایس سی کے چیف اسٹاف افسر اسامہ قریشی ودیگر افسران نے گزشتہ روز آل کراچی تاجراتحاد کے چیئرمین عتیق میرکی قیادت میں چھوٹے تاجروں کے 6 رکنی وفد سے مذاکرات کے دوران جاری کیے، مذاکرات میں کے ای ایس سی انتظامیہ اور تاجروں کے درمیان بجلی کے مسائل باہمی مشاورت سے حل کرنے پراتفاق کیا گیا اورطے پایا تاجر برادری کے نمائندوں کے کے ای ایس سی انتظامیہ کے ساتھ مستقل بنیادوں پر رابطے برقرار رکھے جائیں گے تاکہ تاجربرادری کو بھی حقیقت کا ادراک ہو سکے اور باہمی چپقلش کے مواقع پیدا نہ ہوسکیں۔

مذاکرات میں چھوٹے تاجروں کے نمائندے شرجیل گوپلانی، کاشف صابرانی، آصف علی خان، طارق ممتاز اور سید شرافت علی شامل تھے۔ دوران مذاکرات عتیق میر نے کے ای ایس سی حکام کو بتایا کہ ایم اے جناح روڈ اور اسکے اطراف کی100سے زائد مارکیٹوں اور تجارتی مراکز میں سرشام 5بجے سے مستقل بنیادوں پر لوڈشیڈنگ کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں ماند پڑجاتی ہیں جس سے چھوٹے تاجروں کی ایک بڑی تعداد اضطراب سے دوچار ہوگئی ہے۔

انھوں نے تجویزدی کہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 2گھنٹے سے کم رکھا جائے اور لوڈشیڈنگ 5بجے سے قبل کی جائے۔ اس موقع پرکے ایس ایس سی کے چیف اسٹاف افسراسامہ قریشی نے تاجروں کو بتایا کہ آل کراچی تاجر اتحاد سے مشاورت کے بعد 200سے زائد مارکیٹوں میں لوڈشیڈنگ مکمل طور پر ختم کردی گئی ہے، البتہ بعض مارکیٹوں میں بڑھتے ہوئے لائن لاسزلوڈشیڈنگ میں اضافے باعث بن رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کے ای ایس سی نے بہترین انتظامی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے مختصر عرصے میں لوڈشیڈنگ کی سنگین صورتحال پر قابو پاکر اپنی اہلیت ثابت کر دی ہے، صارفین تعاون کریں تو ادارے کی کارکردگی میں مزید بہتری لائی جا سکتی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ بعض علاقوں میں بجلی کے بلوں کی ادائیگی مایوس کن اور لائن لاسز میں اضافہ ہوگیا ہے جس کے نتیجے میں ادارہ ان علاقوں میں لوڈشیڈنگ پر مجبور ہے۔ انھوں نے تاجروں کو یقین دلایا کہ ان کی تجویز کے مطابق دو تا تین روز میں ایم اے جناح روڈ اور اسکے اطراف کی مارکیٹوں میں لوڈشیڈنگ کے اوقات تبدیل کردیے جائینگے جبکہ لائن لاسز میں کمی کی صورت میں لوڈشیڈنگ مکمل طور پر ختم کردی جائیگی۔ انھوں نے تاجر نمائندوںکو مشورہ دیا کہ بجلی کی شکایات کے سلسلے میں کوئی بھی احتجاجی لائحہ عمل اختیار کرنے سے پہلے ان سے براہ راست رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

مقبول خبریں