کوٹری میں سرچ آپریشن3گرفتار مسلح افراد کی ہنگامہ آرائی4گاڑیاں جلا دیں

نا معلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے خوف و ہراس، دکانوں میں توڑ پھوڑ، پولیس و رینجرز کی بھاری نفری طلب.


Nama Nigar November 12, 2012
حیدرآباد: کوٹری میں قوم پرست رہنما سمیت 3افراد کی گرفتاری کے بعد ہنگامہ آرائی کے دوران جلائی گئی گاڑیوں سے شعلے بلند ہو رہے ہیںجبکہ کاروبار بند ہے ۔ فوٹو : شاہد علی / ایکسپریس

ISLAMABAD: بڑھتی ہوئی بدامنی کے بعد ہفتہ اوراتوارکی درمیانی شب پولیس نے کوٹری میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے قوم پرست جماعت کے کارکن سمیت 3 افراد کو گرفتار کر کے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا۔

جس کے ردعمل میں اتوار کی صبح نا معلوم موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے تعلقہ اسپتال، گتہ مل، ہڈی مل، ریلوے پھاٹک کے قریب 4گاڑیاں نذر آتش کر دیں، مسلح افراد نے صبح کُھلنے والی دکانوں میں بھی توڑ پھوڑ کی اور فائرنگ کر کے خوف و ہراس پھیلا دیا۔ واقعہ کے بعد پولیس اور رینجرز نے علاقے میں گشت شروع کر دیا جبکہ فائربریگیڈ نے گاڑیوں میں لگی آگ بجھائی، تاہم 2 گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں، جب کہ 2کو جزوی نقصان پہنچا۔ دوسری جانب شر پسندوں کیخلاف دکاندار اور شہری سڑکوں پر نکل آئے اور کوٹری پل کے قریب ٹائر جلا کر احتجاج کیا، جس کے باعث پُل پر ٹریفک معطل ہو گئی اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔

مظاہرین نے پولیس کے خلاف نعرے بھی لگائے اور مطالبہ کیا کہ شہر میں امن برقرار رکھنے کیلیے شر پسندوں کو فوری گرفتار اور لوگوں کو تحفظ فراہم کیا جائے، بعد ازاں رینجرز کی یقین دہانی کے بعد مظاہرین نے احتجاج ختم کر دیا۔ دریں اثنا کوٹری شہر میں فائرنگ اور گاڑیاں جلائے جانے کے واقعہ کے بعد ضلع جامشورو کے دیگر شہروں خانوٹ، تھانہ بولا خان، جامشورو سے پولیس نفری طلب کر لی گئی جس نے شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ سخت کر دی ہے ۔

مقبول خبریں