حیدرآباد یونیورسٹی کے حق میں قادر مگسی کا بیان خوش آئند ہے جماعت اسلامی

حیدرآباد میں یونیورسٹی کی حمایت پر ڈاکٹر قادر مگسی کے مشکور ہیں, شیخ شوکت علی.


Numainda Express November 12, 2012
حیدرآباد میں یونیورسٹی کی حمایت پر ڈاکٹر قادر مگسی کے مشکور ہیں, شیخ شوکت علی. فوٹو : عدیل احمد / ایکسپریس

PESHAWAR: امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد شیخ شوکت علی نے کہا ہے کہ حیدرآباد میں یونیورسٹی کی حمایت پر ڈاکٹر قادر مگسی کے مشکور ہیں۔

سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین کے بیان سے اردو بولنے والوں میں ان کی مقبولیت بڑھی ہے۔ شیخ شوکت علی نے کہا کہ جماعت اسلامی حیدرآباد میں مقامی طلبہ و طالبات کیلیے یونیورسٹی، میڈیکل و انجینئرنگ کالجز کے قیام کی مسلسل جدوجہد کر رہی ہے اور سمجھتی ہے کہ حیدرآباد میں پبلک یونیورسٹی، میڈیکل و انجینئرنگ کالجزکے قیام سے مقامی طلبہ و طالبات کو آگے بڑھنے کے مواقع ملیں گے۔

مذکورہ تعلیمی اداروں سے اردو اور سندھی بولنے والوں سمیت حیدرآباد کا ڈومیسائل رکھنے والے تمام طلبہ و طالبات کو فائدہ ہو گا۔ ڈاکٹر قادر مگسی نے حیدرآباد میں یونیورسٹی بنانے کے حق میں جو بیان دیا ہے وہ علم دوست ہے اور لسانی سیاست کرنیوالوں کو مسترد کرنے کا واضح پیغام ہے۔ انکا یہ کہنا کہ مجوزہ یونیورسٹی میں حیدرآباد ڈومیسائل کے طلبہ کو داخلوں میں پہلی ترجیح ملنی چاہیے درست ہے اور جماعت اسلامی کا بھی یہی موقف ہے۔