ملک میں شیطانی قوتیں فرقہ واریت بھڑکارہی ہیں جواد نقوی

مرزا یوسف حسین، معراج الہدی،انتظار الحق تھانوی اور دیگر کا جلسے سے خطاب.


Staff Reporter November 12, 2012
مرزا یوسف حسین، معراج الہدی،انتظار الحق تھانوی اور دیگر کا جلسے سے خطاب.

تحریک بیداری امت مصطفی کے تحت اجتماع امت رسول اللہ کا عظیم الشان جلسہ نشترپارک میں منعقد ہوا جس میں شیعہ و سنی اور دیگر مکاتب فکر کے علما اور دانشوروں نے شرکت کی۔

جلسے سے صدارتی خطاب مولانا جواد نقوی نے کیا جلسے سے مولانا مرزا یوسف حسین، ڈاکٹر معراج الہدیٰ،انتظار الحق تھانوی، مولانا منورعلی نقوی، مولانا یاور عباس، مولانا شاکر علی سرور، حافظ واثق احمد وارثی و دیگر نے خطاب کیا،مولانا جواد نقوی نے خطاب میں کہا کہ پاکستان کو شیطانی قوتوں کے چنگل سے آزاد کرانے کیلیے عملی اقدامات کرنے ہوں گے کیونکہ یہ قوتیں پاکستان کو بحرانوں میں الجھاکرکے ہمارے ملک پر قبضہ کرنا چاہتی ہیں اور یہاں فرقہ واریت کی آگ بھڑکاکر اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کیلیے سرگرم عمل ہیں،حرمت رسول اور مقدس مقامات کی توہین کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔

کیونکہ اس سے نفرتیں جنم لے رہی ہیں مسلمانوں کو ہر سطح پر اس کیخلاف آواز بلند کرنا ہوگی اور پرامن احتجاج کو جاری رکھنا ہوگا،فرقہ واریت اور لسانیت کو ہوا دینے والے اسلام اور پاکستان کے کھلے دشمن ہیں مسلمانوں کو باہمی اتحاد و یکجہتی صبر و تحمل اور ایک دوسرے کا احترام کرنا چاہیے،جلسے سے خطاب میں شیعہ سنی و دیگر مکاتب فکر کے علما و دانشور حضرات نے بیداری امت پر زور دیا۔