دفاعی نمائش ختم6 دن سے محصور مکینوں کو آج’’رہائی‘‘ مل گئی

بچوں کوگھروںسے باہرنکلنے نہیں دیا،روز مرہ کے معمولات بھی بری طرح متاثرہوئے.


Staff Reporter November 12, 2012
ایکسپوسینٹرکے اطراف کی سڑکیں نمائش سے ایک روزقبل ہی بند کردی گئی تھیں،ٹریفک پولیس کے ناقص انتظامات کے باعث روزانہ ہزاروںگاڑیاں ٹریفک جام میں پھنسی رہیں۔ فوٹو : محمد نعمان / ایکسپریس

ایکسپو سینٹر کے اطراف6 روز تک گھروں میں محصور رہنے والے ہزاروں مکینوں کو اتوار کی شام دفاعی نمائش کے خاتمے کے بعد آج ''رہائی'' مل گئی۔

ایکسپو سینٹر کے اطراف کی سڑکیں دفاعی نمائش سے ایک روز قبل ہی ٹریفک کے لیے بند کردی گئیں تھیں، ایکسپو سینٹر کے اطراف رہائش پذیر ہزاروں مکینوں نے6 روز تک روز مرہ استعمال ہونے والی اشیا کی خریداری نہیں کی جبکہ گلیوں میں بھی ٹریفک جام کی وجہ سے والدین نے بچوں کو کھیلنے کے لیے پلے گرائونڈ نہیں بھیجا، مسلسل 6روز تک ایکسپو سینٹر کے اطراف سڑکوں ،گلیوں اور محلوں میں بدترین ٹریفک جام کے باعث لاکھوں شہریوں کو شدید ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔

کراچی کے شہریوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ آئندہ سال یہ نمائش شہرکے وسط میں کرنے کے بجائے کسی اور ایسے مقام پر کی جائے جہاں ٹریفک کی روانی میں خلل نہ پڑے ، تفصیلات کے مطابق ایکسپوسینٹر میں منعقد ہونے والی دفاعی نمائش کے سلسلے میں ٹریفک حکام کی جانب سے یونیورسٹی روڈ ، ڈالمیا روڈ اور اسٹیڈ یم روڈ سمیت اطراف کی اندرونی وبیرونی سڑکوں کو ایک روز قبل ہی ٹریفک کے لیے بندکردیا گیا تھا جس کے باعث مسلسل 6روز تک گلشن اقبال ٹائون کے بلاک 16,15اور بلاک 17 ، 13-D، بیت المکرم مسجد ،ڈالمیا روڈ ،راشد منہاس روڈ ، نیپا چورنگی سمیت دیگر علاقوں میں سڑکوںکے ساتھ گلیوں میں بھی بدترین ٹریفک جام رہا جو شہریوں کیلیے کسی عذاب سے کم نہیں تھا۔

گلشن اقبال بلاک 17,16,15 اور بلاک 13-D,13-E کے مکینوں نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دفاعی نمائش کی وجہ سے وہ مسلسل 6 روز تک گھروں میں محصور رہنے کے ساتھ ساتھ ذہنی تناؤ کا شکار ہوگئے ہیں ، انھوں نے بتایا کہ 6 روز تک روز مرہ گھروں میں استعمال ہونے والی ضروری اشیا کی خریداری بھی نہیں کرسکے، شہریوں نے کہا کہ انھوں نے غیر یقینی صورتحال کے باعث اپنے بچوں کو بھی گھروں اور فلیٹوں سے باہر نکلنے نہیں دیا اور نہ ہی بچوںکوکھیلنے کے لیے پلے گرائونڈ بھیجا جبکہ ان کے روز مرہ کے معمولات بھی بری طرح متاثر ہوئے، انھوں نے بتایا کہ موجودہ صورتحال سےپریشان ہوکر بعض شہری عارضی طور پر اپنے گھر چھوڑ کر عزیزوں اور رشتے داروں کے گھر منتقل ہوگئے تھے ۔

شہریوں نے6 روز تک گھروں میں محصور رہنے پر شدید غصے کا اظہار کرتے ہو ئے متعلقہ حکام سے دفاعی نمائش کا مقام تبدیل کرنیکا مطالبہ کیا ہے، نمائش کے باعث راشد منہاس روڈ ، یونیورسٹی روڈ ، ڈالمیا روڈ ، آغا خان روڈ اور اسٹیڈیم روڈ سمیت اطراف کی اندرونی وبیرونی سڑکوں پر رات گئے تک بدترین ٹریفک جام رہتا تھا ، لاکھوں شہریوں کا قیمتی وقت بھی ضائع ہوا، شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ غیرذمے دارٹریفک پولیس افسران کیخلاف کارروائی کی جائے۔