ہندو برادری نے دیوالی کا تہوار جوش و خروش سے منایا

مندروں میں چراغاں،سوامی نارائن مندر میں آتش بازی کا زبردست مظاہرہ.


Staff Reporter November 14, 2012
مندروں میں چراغاں،سوامی نارائن مندر میں آتش بازی کا زبردست مظاہرہ۔ فوٹو: عائشہ میر/ ایکسپریس

KARACHI: ہندو برادری نے ملک بھر کی طرح دیوالی کا تہوار کراچی میں بھی جوش و خروش سے منایا۔

ہندو آبادیوں اور مندروں میں چراغاں کیا گیا ہندو برادری کے لوگوں نے مندروں اور گھروں کو خوبصورتی سے سجایا تھا اور گھروں اور مندروں کو دیوں سے روشن کیا تھا،دیوالی کے موقع پر ہندو برادری نے ایک دوسرے کو دیوالی کی مبارکباد دی ، مٹھائیاں تقسیم کیں اور تحائف کا تبادلہ کیا، دیوالی کی مرکزی تقریب سوامی نارائن مندر میں ہوئی اس موقع پر آتش بازی کا زبردست مظاہرہ کیا گیا ،دیوالی کے موقع پر مندروں میں خصوصی عبادات کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں ملک کی سلامتی و استحکام کیلیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، دیوالی کے سلسلے میں شہر کے ہوٹلوں کلبوں اور تفریحی مقامات پر بھی خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا تھا۔

وزیراعلی سندھ کے سینئر معاون خصوصی راشد حسین ربانی اور معاون خصوصی سید وقار مہدی نے دیوالی کے موقع پر شری سوامی نارائن مندر اور ایس ایس ڈی مندر کینٹ اسٹیشن میں وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ کی جانب سے ہندو برادری کے لوگوں میں مٹھائیاں تقسیم کیں ، شری سوامی نارائن مندر کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ کے سینئر معاون خصوصی راشد حسین ربانی نے کہا کہ آج ہندو برادری کی خوشی کا دن ہے اس پرمسرت موقع پر ہم ہندو برادری کے بھائیوں، بہنوں اور بچوں کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔