سارک انڈسٹریل پارک کے منصوبے پر کام کر رہے ہیں سورج ویدیا

30سال پہلے قائم ہونے کے باوجود سارک ممالک کی علاقائی تجارت دوسرے اکنامک بلاکس کے مقابلے میں بہت کم ہے، سورج ویدیا


Khususi Reporter April 17, 2016
30سال پہلے قائم ہونے کے باوجود سارک ممالک کی علاقائی تجارت دوسرے اکنامک بلاکس کے مقابلے میں بہت کم ہے، سورج ویدیا فوٹو: فائل

سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سورج ویدیا نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیائی ممالک کے مابین علاقائی تجارت کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں، سارک چیمبر خطے میں سرمایہ کاری اور علاقائی تجارت کوفروغ دینے کے لیے سارک انڈسٹریل پارک قائم کرنے کے منصوبے پر کام کر رہا ہے، پارک کی زمین حاصل کرنے کے لیے افغانستان کے صدر و رفقا اور پاکستانی وزیر تجارت ومتعلقہ اعلیٰ حکام کے ساتھ تبادلہ خیال کیا گیا، دیگر سارک ممالک سے مشاورت کر کے منصوبے کو حتمی شکل دی جائے گی۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ سارک انڈسٹریل پارک جنوبی ایشیائی ممالک کے مابین سرمایہ کاری اور تجارت کو فروغ دینے میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ سورج ویدیا نے کہا کہ 30سال پہلے قائم ہونے کے باوجود سارک ممالک کی علاقائی تجارت دوسرے اکنامک بلاکس کے مقابلے میں بہت کم ہے اور سارک خطے میں سرمایہ کاری کا فروغ ان کی ترجیح ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ وقت آ گیا ہے کہ سارک ممالک یہ فیصلہ کریں کہ وہ آپس کے تمام اختلافات ختم کر کے اقتصادی طور پر آگے بڑھنے کے لیے مل کر کوششیں کریں گے یا دوسروں کی طرف دیکھتے رہیں گے۔

مناسب یہی ہو گا کہ وہ خطے میں مضبوط اقتصادی اتحاد پیدا کرنے کے لیے خود پیش رفت کریں، سارک ممالک کے نجی شعبے کو علاقائی تجارت کو ترقی دینے کے لیے اہم کردار ادا کرنا ہو گا۔ انھوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ سارک خطے سے تمام نان ٹیرف رکاوٹوں کے خاتمے کے لیے سارک ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کی کوشش کریں گے۔ سارک چیمبر کے صدر نے کہا کہ سارک خطے کی اصل طاقت نوجوان آبادی کی اکثریت ہے۔

چیمبر نے ''اینجل انویسٹرز ساؤتھ ایشیا'' کے قیام کا منصوبہ بنایا ہے جو خطے کے سرمایہ کاروں کو پلیٹ فارم فراہم کرے گا کہ جس کے ذریعے وہ خطے کے کاروبار شروع کرنے کے خواہشمند نوجوانوں کو سرمایہ اور مشاورت فراہم کر سکیں گے، چیمبرسارک ممالک کے نوجوانوں سے بزنس پلانز پر مشتمل درخواستیں طلب کرے گا،کامیاب امیدواروں کو سرمایہ کار کاروبار شروع کرنے کیلیے سرمایہ اور مشاورت فراہم کریں گے، سالانہ 200 کاروبار شروع کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

مقبول خبریں