ڈومیسٹک کرکٹ و اکیڈمیز میں بہتری کیلیے میٹنگ

پی سی بی نے عظیم ٹیسٹ کرکٹرزوسابق انگلش کوچ پیٹر مورس سے مشورے طلب کیے۔


Sports Reporter November 15, 2012
پی سی بی نے عظیم ٹیسٹ کرکٹرزوسابق انگلش کوچ پیٹر مورس سے مشورے طلب کیے۔ فوٹو: فائل

ڈومیسٹک کرکٹ نظام میں بہتری سمیت نیشنل اور ریجنل اکیڈمیز کو مزید فعال بنانے کیلیے پی سی بی نے سابق ٹیسٹ کرکٹرز و سابق انگلش کوچ پیٹر مورس سے مشورے طلب کرلیے۔

گذشتہ روز چیئرمین ذکااشرف کی زیر صدارت نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہونے والی میٹنگ میں پیٹر مورس، انضمام الحق، وقار یونس، عامر سہیل، ہیڈ کوچ ڈیو واٹمور، فیلڈنگ کوچ جولین فائونٹین، بولنگ کوچ محمد اکرم،ٹیم منیجر نوید اکرم چیمہ پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد، ڈائریکٹر جنرل جاوید میانداد، ڈائریکٹر گیم ڈیولپمنٹ انتخاب عالم، ڈائریکٹر کوآرڈینیشن بریگیڈیئر (ر) ساجد حمید شریک تھے۔ شرکاء نے اتفاق کیا کہ پاکستانی کرکٹ کا مستقبل بہتر بنانے کیلیے ڈومیسٹک مقابلوں کے معیار میں بہتری کی ضرورت ہو گی۔

اکیڈمیز کا مؤثر کردار کھلاڑیوں کی صلاحیتیں نکھارنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ترجمان پی سی بی ندیم سرور کے مطابق دو روز میں مزید میٹنگز ہوں گی جن میں سابق کپتان وسیم اکرم سمیت مزید سابق کرکٹرز کو بھی مدعو کیا گیا ہے، چیئرمین بورڈ ذکااشرف کی خواہش ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ اور اکیڈمیز میں بہتری کیلیے ماہرین سے رائے لی جائے، انھوں نے بتایا کہ وسیع تجربہ رکھنے والے کوچ پیٹر مورس کو خصوصی طور پر دعوت دی گئی،وقار یونس نے قومی ٹیم کا سابق کوچ ہونے کے ناطے اپنے مشاہدات شرکاکے سامنے پیش کئے۔

یاد رہے کہ پیٹر مورس 2007 سے 2009 تک انگلش ٹیم کے کوچ رہے،انھوں نے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ اکیڈمی کے سربراہ کی حیثیت سے بھی کام کیا۔ذرائع کے مطابق گذشتہ روز کی میٹنگ میں انھوں نے مفید مشورے دیتے ہوئے ان امور کی نشاندہی بھی کی جن پر توجہ دے کر ڈومیسٹک کرکٹ اور اکیڈمیز کا کردار زیادہ موثر بنایا جاسکتا ہے۔

مقبول خبریں