عبدالقادر گیلانی نے استعفیٰ اورملک چھوڑ جانے کی دھمکی دیدی

کیا ہم غدار ہیں؟ رحمان ملک سمیت پوری پارلیمنٹ ہمارا ساتھ نہیں دے رہی،قومی اسمبلی میں خطاب


Monitoring Desk/Numainda Express November 15, 2012
کیا ہم غدار ہیں؟ رحمان ملک سمیت پوری پارلیمنٹ ہمارا ساتھ نہیں دے رہی،قومی اسمبلی میں خطاب . فوٹو: اے پی پی

سابق وزیراعظم سید یوسف رضاگیلانی کے بیٹے عبدالقادر گیلانی نے سیکیورٹی نہ ملنے پرقومی اسمبلی سے استعفیٰ اورملک چھوڑ جانے کی دھمکی دیدی ہے۔

نمائندہ ایکسپریس کے مطابق عبدالقادر گیلانی نے فیملی کی فول پروف سکیورٹی کے لیے پنجاب حکومت کوخط لکھا ہے،خط کی کاپی وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف ، چیف سیکریٹری پنجاب ناصر سعید کھوسہ اور آئی جی پنجاب حاجی حبیب الرحمن کو بھجوائی گئی ہے،پنجاب کی اعلی شخصیات کو لکھے گئے خط میں عبدالقادر گیلانی نے کہا ہے کہ ان کے والد اور دیگر فیملی ممبران کو دہشت گردوں کی جانب سے مسلسل سنگین نتائج کی دھمکیاں مل رہی ہیں، چند روز قبل گرفتار ہونے والے دہشت گردوں سے بھی میرے والد کے گھر کے نقشے برآمد ہوئے ہیں ۔

میرے والد کی وزارت عظمیٰ کے ختم ہونے کے بعد فیملی کی سیکیورٹی پر مامور تمام اہلکاروں کو ہٹا لیا گیا ہے، مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق ادھر قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے عبدالقادر گیلانی نے کہا کہ ہماری زندگیاں دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دی گئی ہیں ، زیادتیوں کا سلسلہ جاری رہا تو ہم دونوں بھائی استعفے دیدیں گے، ہم غدار ہیں یا ہم نے اس ملک کے ساتھ کوئی زیادتی کی ہے؟ حج کرپشن کیس میں سپریم کورٹ نے کلیئر کردیا تھا ،تاہم ایف آئی اے ایک بار پھر دھمکیاں دے رہی ہے۔ رحمن ملک سمیت پوری پارلیمنٹ آج ہمارا ساتھ نہیں دے رہی، اس پر وفاقی وزیر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ یوسف رضا اور ان کے خاندان کی عزت پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے، دوسری جانب پینل آف چیئر پرسن یاسمین رحمن نے ڈی جی ایف آئی اے کو آج (جمعرات) ایوان میں طلب کر لیا ہے۔