خرم کو کرکٹ گیند فٹبال نظر آنے لگی مسلسل دوسری سنچری

پاکستان کپ میں سندھ نے اسلام آبادکو118رنز سے ہرا دیا، محمد عامر کے 5 شکار


Sports Desk April 24, 2016
پاکستان کپ میں سندھ نے اسلام آبادکو118رنز سے ہرا دیا، محمد عامر کے 5 شکار۔ فوٹو: فائل

ٹیسٹ اوپنر خرم منظور کو کرکٹ گیند فٹبال نظر آنے لگی، سندھ کے اوپنر نے پاکستان کپ میں مسلسل دوسری سنچری جڑ دی، اسلام آباد کے خلاف 123 رنز کی اننگز کھیلی۔

فیصل آباد میں جاری پاکستان کپ کے میچ میں سندھ کی ٹیم نے اسلام آباد کے خلاف ٹاس جیت کر حریف بولنگ کے پرخچے اڑاتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹ پر 336 کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا، ان فارم اوپنرز خرم منظور اور سمیع اسلم نے 196 کی بڑی شراکت قائم کر دی، خرم نے مسلسل دوسری سنچری بنائی، اس سے قبل انھوں نے بلوچستان کیخلاف بھی 100 رنز اسکور کیے تھے، اس بار انھوں نے 90 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 123 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 16 چوکے اور 3 چھکے شامل رہے۔

محمد عرفان نے اننگز کے 28 ویں اوور کی پہلی گیند پر خرم منظورکو شارٹ فائن لیگ پر حماد کا کیچ بنوایا، سمیع اسلم 75 رنز بناکر میدان بدر ہوئے، انھیں شاداب نے ایل بی ڈبلیو کیا، خالدلطیف نے 62 کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، صہیب مقصود 19 اور انور علی 18 رنز بناکر نمایاں رہے، فواد عالم 6 اور کپتان سرفراز احمد 2 رنز بنا سکے، سہیل خان 14 پر ناٹ آؤٹ رہے، محمد عرفان، محمد عباس اور شاداب خان نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا۔

اسلام آباد کی ٹیم جوابی اننگز میں 39.5 اوورز میں 218 رنز پر ہمت ہارگئی۔ عامر نے ابتدائی 4 وکٹیں لے کر بیٹنگ لائن کی کمر توڑدی، اوپنر شرجیل 5، ناصر جمشید 14، افتخار احمد 10 اورکامران اکمل 25 رنز بنا کر پیسر کا شکار بنے، اس بار بھی ابتدائی نقصانات کے بعد کپتان مصباح الحق نے ریسکیو آپریشن شروع کیا لیکن وہ ٹیم کو ناکامی سے نہیں بچا سکے، کپتان نے 59 گیندوں پر 73 رنز بٹور کر حماد کے ہمراہ پانچویں وکٹ کیلیے 113 رنز کی پارٹنر شپ بنائی، اس میں نوجوان آل راؤنڈر کا حصہ 45 رنز رہا، انھوں نے 57 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 5 بار گیند کو باؤنڈری لائن کے پار پہنچایا۔

مصباح کے میدان بدر ہونے کے بعد حماد بھی زیادہ دیر وکٹ پر قیام کو ممکن نہیں بنا سکے، عمران خالد 9 اور شاداب خان 4 بر کر آؤٹ ہو گئے، محمد سمیع 13 اورمحمد عباس 10 رنز تک محدود رہے جب کہ محمد عرفان 5 پر ناٹ آؤٹ رہے، عامر نے 5وکٹیں اڑائیں جب کہ رائٹ آرم آف بریک بولر بلال آصف نے 4 شکار کیے۔

مقبول خبریں