مردم شماری اور این ایف سی ایوارڈ

بلاشبہ صوبوں میں محاصل کی تقسیم کے لیے آبادی کے درست اعدادوشمار کا ہونا انتہائی ضروری ہے


Editorial May 02, 2016
پاکستان میں جب عام انتخابات ہو سکتے ہیں تو پھر مردم شماری کیوں نہیں ہو سکتی۔ فوٹو: فائل

ایک خبر کے مطابق مردم شماری کے التواء کی وجہ سے صوبوں کی اصل آبادی سامنے نہ آ سکی جس کی وجہ سے حکومت نے صوبوں میں آبادی میں اضافہ کے پیش نظر این ایف سی (نیشنل فنانس کمیشن) ایوارڈ میں صوبائی حصے میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے لہذا نئے مالی سال کے بجٹ میں صوبوں کو ساتویں این ایف سی ایوارڈ کے تحت محاصل کی تقسیم کی جائے گی۔

دریں اثنا نئے مالی سال کے بجٹ کی تیاریاں عروج پر ہیں جب کہ صوبوں کو توقع تھی کہ چونکہ ان کی آبادی میں کافی اضافہ ہو چکا ہے لہذا این ایف سی ایوارڈ میں صوبوں کے حصے میں اضافہ کیا جائے گا لیکن توقعات پوری نہیں ہوں گی۔

بلاشبہ صوبوں میں محاصل کی تقسیم کے لیے آبادی کے درست اعدادوشمار کا ہونا انتہائی ضروری ہے، پاکستان میں عرصے سے مردم شماری نہیں ہو سکی لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ مردم شماری کرائی جائے' حالات خواہ کتنے ہی خراب کیوں نہ ہوں، مردم شماری ضرور ہونی چاہیے۔ پاکستان میں جب عام انتخابات ہو سکتے ہیں تو پھر مردم شماری کیوں نہیں ہو سکتی۔