سیدنا فاروق اعظمؓ کا یوم شہادت عقیدت سے منایا گیا

جماعت اہلسنّت،سنی تحریک، جماعتہ الدعوۃ اور دیگرجماعتوں کے تحت اجتماعات


Staff Reporter November 17, 2012
جماعت اہلسنّت،سنی تحریک، جماعتہ الدعوۃ اور دیگرجماعتوں کے تحت اجتماعات.

خلیفہ دوم حضرت عمر فاروقؓ کا یوم شہادت شہر بھر میں انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا

جماعت اہلسنّت کراچی کے تحت خلیفہ دوم سیدنا فاروق اعظمؓکے یوم شہادت پر مدح صحابہ ریلی نکالی گئی ، یوم شہادت کے اجتماع سے میمن مسجد مصلح الدین گارڈن میں علامہ شاہ عبد الحق قادری نے خطاب میں کہا کہ سیدنا فاروق اعظم کا دور ِخلافت عدل و انصاف ،انسانی حقوق کے تحفظ سے عبارت ہے،آپ نے دین اسلام کی ترویج و اشاعت اور اسلامی مملکت کو وسعت دیکر تاریخ پر انمٹ نقوش مرتب کیے، گلشن اقبال میں مولانا ابرار احمد رحمانی نے خطاب میںکہا کہ حضرت عمر فاروقؓ کی اسلام کیلیے بہترین خدمات ،جرأت و بہا دری ،عدل و انصاف ،شاندار فتوحا ت اور کارنامے تاریخ اسلام کا روشن چہرہ ہے۔

سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجازقادری نے کہا ہے کہ خلیفہ ثانی امیر المومنین حضرت سیدنا عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ عدل و انصاف کے پیکرتھے وقت کے حاکم ہونے کے باوجود آپ نے خادم بن کر عوام کی خدمت کی ،آپ 47ممالک کے حاکم تھے آپ کے عہد میں امن و امان کی صورتحال تاریخ کی عظیم مثال ہے، آپ کی زندگی اور دورخلافت عالم اسلام کے لیے مشعل راہ ہے، مغربی ممالک آپ کو ماڈل تصور کرتے ہیں اور آپ کے دور خلافت پر عمل کرتے ہوئے ترقی کی منازل طے کررہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انھوں نے مرکز اہلسنت پر سیدنا عمر فاروقؓکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، متحدہ علما محاذ پاکستان کے تحت منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ خلیفہ دوئم حضرت عمر فاروق ؓ کا نام مثالی عدل و انصاف کی وجہ سے عالم اسلام ہی نہیں بلکہ غیر اسلامی دنیا میں بھی بڑے احترام سے لیا جاتا ہے ،

عدل وانصاف کی فوری فراہمی کی وجہ سے آپؓکا دور خلافت حقوق انسانی کے تحفظ اور معاشرتی و سماجی خدمات سے عبارت ہے، متحدہ علما محاذ کے بانی مولانا محمد امین انصاری کی دعوت پریوم شہادت حضرت سیدناعمر فاروقؓ کے سلسلے میں مقامی ہال میں مرکزی چیئرمین مفتی محمداسلم نعیمی کے زیر صدارت منعقدہ سیمینارسے مولانا انتظار الحق تھانوی، مفتی عثمان یار خان، قاضی احمد نورانی صدیقی، علامہ عبداللہ غازی ، اسلم خٹک، شاہد صابری ، انور شاہ کشمیری، اسرار عباسی، سید اشرف قریشی، ڈاکٹر عامر عبداللہ محمدی و دیگر نے خطاب کیا۔

جماعتہ الدعوۃ کراچی کے امیر انجینئر نوید قمر، مولانا یوسف طیبی، مفتی یوسف کشمیری، مولانا ابو عکاشہ منصور، حافظ کلیم اللہ ، قاری امجد و دیگر نے مختلف مقامات پر جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی پاکستان کو جمہوری تجربات کے لیے تختہ مشق بنانے کا سلسلہ ختم کرکے عمرفاروق ؓ کے دور حکومت کی پالیسیاں ترتیب دی جائیں۔

مقبول خبریں