عمران خان کوجھوٹ بنانے والی فیکٹریوں نے یرغمال بنا رکھا ہے پرویزرشید

عمران خان نے عمرہ کی سعادت تو حاصل کی لیکن جھوٹ بولنے سے باز نہیں آئے، وفاقی وزیراطلاعات


ویب ڈیسک May 08, 2016
عمران خان نے عمرہ کی سعادت تو حاصل کی لیکن جھوٹ بولنے سے باز نہیں آئے، وفاقی وزیراطلاعات۔ فوٹو: فائل

KARACHI: وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو جھوٹ بنانے والی فیکٹریوں نے یرغمال بنا رکھا ہے اور وہ عمرے سے واپس آئے لیکن جھوٹ بولنے سے باز نہیں آئے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پرویزرشید کا کہنا تھا کہ سارک کانفرنس کے لئے مری میں گورنر ہاؤس کی تزئین و آرائش کی جارہی ہے کسی نجی رہائش گاہ کی نہیں عمران خان کو بے بنیاد الزامات پر شرم سار ہونا چاہئے، عمران خان روزانہ جھوٹ کی سیریز کے بغیر نہیں رہ سکتے کیونکہ انہیں جھوٹ بنانے والی فیکٹریوں نے یرغمال بنارکھا ہے اور وہ عمرہ کی سعادت تو حاصل کرچکے لیکن جھوٹ بولنے سے باز نہیں آئے۔

دوسری جانب عمران خان کے ٹویٹ پرردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پرسوال کیا کہ عمران خان نے سرکاری گھر کو بھی شریف فیملی کی ملکیت قرار دے دیا ہے کیا گورنر ہاؤس مری شریف فیملی کا ذاتی گھر ہے اور مری میں سرکاری گھر اب شریف خاندان کی جاگیر ہوگیا، مریم نواز نے عمران خان پر ظنز کے نشر چلاتے ہوئے کہا کہ عمران خان ابھی مقدس زمین سے آئے ہیں کیا لگتا ہے کہ یہ شخص مقدس جگہ سے آیا ہے۔