ایکسپریس ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو کا شاندارافتتاح

مختلف موضوعات پر لیکچرز اور سیمینارز کا بھی اہتمام کیا گیا۔ ایکسپریس کی ان کاوشوں کو ہر سطح پر سراہا جا رہا ہے۔


Editorial May 12, 2016
مختلف موضوعات پر لیکچرز اور سیمینارز کا بھی اہتمام کیا گیا۔ ایکسپریس کی ان کاوشوں کو ہر سطح پر سراہا جا رہا ہے۔

اسلام آباد پاک چائنہ فرینڈشپ سینٹرمیں ایکسپریس میڈیا گروپ کے زیر اہتمام بدھ کو دو روزہ ''ایکسپریس ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو 2016ء'' کا شاندار افتتاح ہوا ۔اس ایکسپو میں ہزاروں کی تعداد میں طلبا و طالبات اور ان کے والدین نے شرکت کی۔ تعلیم و کیریئر کے حوالے سے ایکسپریس میڈیا گروپ کامیابی سے مختلف شہروں میں ایجوکیشن ایکسپو کا انعقاد کر رہا ہے جو طلبا و نوجوانوں کو حصول تعلیم اور اپنے مستقبل کی پلاننگ میں معاون ثابت ہو رہی ہے۔

دونوں دن شرکاء ملکی و غیرملکی تعلیمی اداروں کے اسٹالز پر اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے مفید معلومات حاصل کرتے اور مختلف پروگراموں سے محظوظ ہوتے رہے۔ یہ ایکسپریس میڈیا گروپ کا اعزاز ہے کہ ایکسپو میں گزشتہ برسوں کی طرح اس بار بھی نوجوانوں کو ملک اور بیرون ملک اعلیٰ تعلیم کے حصول میں رہنمائی فراہم کرنے کے لیے ایک ہی چھت تلے سہولت فراہم کر رہا ہے، جہاں 60 سے زائد ملکی و غیرملکی تعلیمی اداروں و ایجوکیشن کنسلٹنٹس کی جانب سے اسٹال لگائے گئے تھے۔

مختلف موضوعات پر لیکچرز اور سیمینارز کا بھی اہتمام کیا گیا۔ ایکسپریس کی ان کاوشوں کو ہر سطح پر سراہا جا رہا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کا افتتاحی تقریب میں کہنا تھا کہ ملک میں تعلیم کی ترقی کے لیے ایکسپریس میڈیا گروپ کی جانب سے ایجوکیشن ایکسپو کا اہتمام ایک بہترین مثال ہے۔ انھوں نے کہا کہ دنیا میں صرف وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جو تعلیم پر توجہ دیتی ہیں اور اس اہم شعبہ کو نظرانداز کرنیوالی قومیں پیچھے رہ جاتی ہیں۔ شرکاء نے ایکسپو کے انعقاد پر ایکسپریس میڈیا گروپ کو خراج تحسین اور مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایجوکیشن ایکسپو بچوں کے اندر تعلیم کا شعور پیدا کرنے کا بہترین پلیٹ فارم ہے، اس میں طلبہ کو حصول تعلیم کے حوالے سے اہم رہنمائی ملتی ہے۔

ایکسپو کے موقع پر پاک چائنہ فرینڈشپ سینٹر کو خوبصورتی سے سجایا گیا تھا اور سیکیورٹی کے سخت انتظام کیے گئے تھے۔ کھانے پینے کے لیے اسٹالز لگانے کے ساتھ مختلف مقابلوں کا انعقاد بھی کیا گیا جن میں ڈرامہ، ڈاکومنٹری، موسیقی، ڈانس، آرٹ، فیشن شو، فوٹوگرافی، ایڈورٹائزنگ کیمپیئن، سیلفی میکنگ، پراجیکٹ ڈسپلے، بزنس آئیڈیاز اور بیٹل آف بینڈز شامل تھے۔

ایکسپو کے اختتام پر مقابلوں کی فاتح ٹیموں میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔ ایکسپریس میڈیا گروپ ملک کی ترقی کے لیے مستقبل کے معماران قوم کو تعلیم و کیریئر کے حوالے سے مسلسل آگاہی دینے میں سرگرم عمل ہے، جس کی پیروی دیگر اداروں کو بھی کرنی چاہیے۔ ہماری نوجوان نسل کا بہتر مستقبل ہی وطن کی ترقی اور خوشحالی کے لیے لازم ہے، جس جانب سے پہلوتہی نہیں برتی جانی چاہیے۔