دنیا میں پاکستانی اپوزیشن سے زیادہ کوئی احمق نہیں رانا ثنااللہ

عمران خان قوم کوخود بتائیں کہ وہ سب سے پرانے چور ہیں اور سب سے پہلے آف شور کمپنیاں انہوں نے بنائیں، راناثنااللہ


ویب ڈیسک May 17, 2016
عمران خان قوم کوخود بتائیں کہ وہ سب سے پرانے چور ہیں اور سب سے پہلے آف شور کمپنیاں انہوں نے بنائیں، وزیر قانون : فوٹو : فائل

صوبائی وزیر قانون رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی میں وزیر اعظم کے اظہار خیال نے اپوزیشن کے چاروں شانے چت کردیئے جس کے باعث وہ واک آؤٹ کا بہانہ بناکر بھاگ کھڑے ہوئے۔

پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے پنجاب کے وزیر قانون رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ جمہوریت میں ہر ایک کو سب کہنے کا حق ہے اور جمہوریت میں وزیر اعظم سے استعفٰے کا مطالبہ بھی کیا جاسکتا ہے ۔ پارلیمنٹ میں نوازشریف نے کہہ دیا تھا کہ تمام پارلیمانی لیڈر بیٹھ کرٹی اوآرزپربات کریں انہوں نے اپنے سچ کے ذریعے اپوزشن کو چاروں شانے چت کردیا اور اپوزیشن میں شامل ہررکن کا چہرہ مرجھایا ہوا دکھائی دیا جس کے بعد اپوزیشن نے بھاگنے میں ہی عافیت سمجھی جبکہ عمران خان بھی نہیں بولے کیونکہ وہ تیاری کرکے نہیں آئے تھے کیا وہ بچے ہیں کہ جن کے منہ میں خورشید شاہ نے چوسنی دی ہوئی تھی اور وہ نہیں بولے۔ عمران خان قوم کوخود بتائیں کہ وہ سب سے پرانے چورہیں اورسب سے پہلے آف شور کمپنیاں انہوں نے بنائیں۔

وزیر قانون کا کہنا تھا کہ اپوزیشن انتشارچاہتی ہے تاکہ ملک ترقی نہ کرسکے دنیا میں پاکستانی اپوزیشن سے ذیادہ احمق کوئی نہیں دیکھا 7 سوالوں کے جواب نہ ملے تو 70 سوال تیار کرلئے۔ اور دعوے کررہے ہیں کہ 700 سوالات کریں گے۔

سینٹ میں اپوزیشن لیڈراعتزازاحسن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئےصوبائی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبے کوناکام بنانے کےلئے ہمسایہ ملک نے بھاری پیسہ خرچ کیا اورلگتا ہے کہ ہمسایہ ملک نے اب اعتزازاحسن کو بھی بھاری فیس ادا کی ہے۔ اپوزیشن میں شامل شیخ رشید کے حوالے سے ان کا کہنا تھاکہ شیخ رشید گزشتہ 15 سے 20 سال پہلے کی چالاکیاں کرنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن 2016 کے دورمیں یہ چالاکیاں اور افواہیں کامیاب نہیں ہوسکتیں۔

مقبول خبریں