زونگ و عسکری بینک کو برانچ لیس بینکاری کا لائسنس جاری

برانچ لیس موبائل بینکاری سہولت 2 ہفتے میں متعارف کرادی جائیگی، فاروق نیاز


Business Reporter November 20, 2012
کئی خدمات شامل، فوجی جوان بھی دورعلاقوں سے رقوم گھر بھیج سکیں گے، سربراہ پی آر زونگ فوٹو : فائل

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ٹیلی کام کمپنی زونگ اور عسکری بینک کو برانچ لیس موبائل بینکاری کا لائسنس جاری کردیا ہے۔

زونگ کے ہیڈ آف پبلک ریلیشن فاروق نیاز نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ عسکری بینک کے اشتراک سے برانچ لیس موبائل بینکاری کی سہولت 2ہفتوں میں متعارف کرادی جائیگی جس میں برانچ لیس بینکاری کے تحت اسٹیٹ بینک کی تفویض کردہ تمام خدمات بشمول رقوم کی منتقلی، موبائل اکائونٹ، یوٹیلٹی بلز کی ادائیگی اوربالخصوص تنخواہ کی ادائیگی جیسی سہولتیں شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عسکری بینک کے ذریعے آپریٹ کیے جانے والے مسلح افواج کے سیلری اکائونٹس کو بھی موبائل بینکنگ کی سہولت کے ذریعے آپریٹ کیا جاسکے گا اور اب دنیا کے سب سے بلند ترین محاذ سیاچن پر ملک و قوم کی حفاظت کے لیے تعینات جوان بھی موبائل بینکاری کے ذریعے اپنے گھروں کو رقوم ارسال کرسکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ زونگ کی موبائل بینکاری کی سہولت کا بنیادی مقصد بینکاری کی سہولت سے محروم دور دراز علاقوں گائوں دیہات تک بینکاری کی خدمات فراہم کرنا ہے، اس سہولت کے ذریعے ترجیحی طور پر مائیکروفنانسنگ کی سہولت فراہم کی جائیگی۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیلی کام اور بینکنگ انڈسٹری کے اشتراک سے ملک میں پہلی مرتبہ ایسی پراڈکٹ متعارف کرائی جارہی ہے جس پر کسی پارٹی کا کنٹرولنگ شیئر نہیں بلکہ ریونیو شیئرنگ کی بنیاد پر شراکت کی جائیگی۔

واضح رہے کہ زونگ اور عسکری بینک نے 22 مئی 2012 سے پائلٹ پراجیکٹ شروع کردیا تھا جس کا اسٹیٹ بینک نے ستمبر 2012 کے وسط میں آڈٹ کیا اور گزشتہ ہفتے کے اختتام پر کمرشل برانچ لیس بینکاری کا لائسنس جاری کردیا گیا۔ نومبر کے دوران اسٹیٹ بینک کی جانب سے موبائل کمپنی کیلیے جاری کیا جانے والا یہ دوسرا لائسنس ہے، اس سے قبل موبی لنک وسیلہ بینک کے اشتراک سے موبائل فنانشل سروس کا اجازت نامہ جاری کیا گیا ہے۔

مقبول خبریں