کنری جرائم پیشہ افراد کیخلاف شہری سڑکوں پر آ گئے

خواتین نے ٹائر جلا کر سڑک بلاک کر دی، با اثر افراد کی پولیس کی موجودگی میں فائرنگ


Nama Nigar November 20, 2012
علاقے کی سیاسی شخصیت کے چھوٹے بھائی اورمبینہ جرائم پیشہ افراد نے پولیس کی موجودگی میں ہوائی فائرنگ کی. فوٹو: فائل

ضلع عمرکوٹ کی تحصیل کنُری میں جرائم پیشہ اوربھتہ خوروں کے خلاف شہری سراپا احتجاج بن گئے۔

مظاہرے میں خواتین بھی شامل تھیں۔ اس دوران جرائم پیشہ افراد نے ہوائی فائرنگ بھی کی۔ امریکن چوک پر سٹرک کنارے کانٹا لگا کر مرچ خریدنے والے مزدور خلیل بھٹی کے مبینہ طور پر بھتہ نہ دینے پر اس کاکانٹا اکُھاڑ پھینکنے کے خلاف بھٹی برادری کی خواتین نے امریکن چوک پر احتجا ج کیا اور ٹائر جلائے جس سے سڑک بلاک ہوگئی۔ اطلاع ملنے پر ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کنُری کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی۔

پولیس اہلکار خواتین سے مذاکرات کر رہے تھے کہ اس دوران علاقے کی سیاسی شخصیت کے چھوٹے بھائی اورمبینہ جرائم پیشہ افراد نے پولیس کی موجودگی میں ہوائی فائرنگ کی اورکوریج کرنے والے ایکسپریس نیوز کے رپورٹرسمیت دیگر صحافیوں کو مغلظات بکیں اورکیمرہ مین کو ریکارڈنگ سے بھی روک کرکیمرہ چھیننے کی کوشش کی۔ بعد ازاں پولیس اور شہریوں کی مداخلت پر جرائم پیشہ افراد فرار ہوگئے۔ ایس ایس پی عمرکوٹ ریاض سومرو سے رابطے کی کوشش کی گئی تاہم ان کا فون بند ملا۔ سیاسی، سماجی ومذہبی تنظیموں اور شہریوں نے واقعے پرشدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حُکام بالا سے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

مقبول خبریں