کراچی:
سینئر سول جج ملیر کی عدالت میں اسکیم 33 میں 8 ایکڑ کی متنازع اراضی پر قبضہ اور تعمیرات سے متعلق ناظر کورٹ نے حکام کے عدم تعاون کی ایک اور رپورٹ جمع کرادی۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ عدالتی حکم پر چوتھی بار قبضہ ختم کروانے کے لیے گئے۔ تھانے میں مختیار کار اور اس کا اسسٹنٹ بھی موجود تھے۔ مختیار کار نے کہا کہ وہ متنازعہ زمین کی نشاندہی سے قاصر ہے۔ ایس ایچ او سچل نے کہا کہ اضافی فورس فراہم نہیں کرسکتے۔
رپورٹ کے مطابق ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ نفری موجود نہیں ہے اور ایس ایس پی آفس سے بھی ہدایت نہیں آئی۔ پولیس اور مختیار کار نے تعاون نہیں کیا۔ پولیس کے عدم تعاون کے باعث زمین واگزار نہیں ہوسکی۔
عدالت نے 15 روز قبل پولیس فورس کی مدد سے قبضہ ختم کرانے کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے ایس ایس پی کو فورس کی فراہمی اور عملدرآمد رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔ ملیر کورٹ پہلے بھی 3 بار قبضہ ختم کرانے کا حکم دے چکی ہے۔
دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ پولیس نے عدالتی حکم کے باوجود زمین کا قبضہ ختم نہیں کرایا۔ پولیس نے قبضہ کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرکے چھوڑ دیا۔
پولیس کی ملی بھگت کے باعث قبضہ گروپ نے دوبارہ تعمیراتی سرگرمیاں شروع کردی ہیں۔ عدالت نے ڈپٹی کمشنر ایسٹ، اسسٹنٹ کمشنر گلزارِ ہجری اور مختیار کار کو نوٹس جاری کئے تھے۔