کراچی:
صوبائی کنٹرول آف ناکوٹکس عدالت نے منشیات کے مقدمے میں انمول عرف پنکی و دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔
صحت جرم سے انکار پر عدالت نے تفتیشی افسر اور گواہوں کو نوٹس جاری کردیئے۔ کراچی سینٹرل جیل انسداد دہشتگردی کمپلیکس میں قائم صوبائی کنٹرول آف ناکوٹکس عدالت نمبر 2 کے روبرو انمول عرف پنکی و دیگر ملزمان کیخلاف منشیات کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔
ملزمان میں انمول عرف پنکی، محمد عباد اور عزیر الرحمان شامل ہیں۔ جیل حکام نے ملزمہ انمول عرف پنکی کو پیش کیا۔ عدالت نے ملزمان پر فرد جرم عائد کردی تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔
صحت جرم سے انکار پر عدالت نے گواہان و تفتیشی افسر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دیدیا، عدالت نے سماعت 3 دسمبر تک ملتوی کردی۔ پولیس کے مطابق ملزمان کیخلاف تھانہ ڈیفنس میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
دریں اثنا کراچی سینٹرل جیل انسداد دہشتگردی کمپلیکس میں قائم صوبائی کنٹرول آف نارکوٹکس عدالت نمبر 2 کے روبرو ڈرگ ڈیلر ملزمہ انمول عرف پنکی و دیگر کیخلاف منشیات کے ایک اور مقدمے کی سماعت ہوئی۔
جیل حکام نے ملزمہ انمول عرف پنکی کو پیش کیا تاہم استغاثہ کے گواہ پیش نہیں ہوئے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہان کو حاضری یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 3 دسمبر تک ملتوی کردی، پولیس کے مطابق ملزمان کیخلاف گارڈن تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔