میٹر ریڈر حیسکوکے سفیر اورکیش باکس ہیں مظفر عباسی

بجلی چوری کے خاتمے اور ادارے کی نیک نامی کے لیے کام کریں، بھٹ شاہ میں اجلاس


Numainda Express November 20, 2012
چیف ایگزیکٹو آفیسر مظفر علی عباسی نے کہا کہ حیسکو میں میٹر ریڈر کی حیثیت ریڑھ کی ہڈی جیسی ہے اور یہ ادارے کا کیش باکس بھی ہے. فوٹو: فائل

چیف ایگزیکٹو آفیسر مظفر علی عباسی نے کہا ہے کہ میٹر ریڈر حیسکو کا سفیر ہے جو ہر صارف کے گھر ماہانہ بجلی کے میٹر کی درست ریڈنگ کے لیے جاتے ہیں۔

انہیں چاہیے کہ ادارے کی نیک نامی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے بھٹ شاھ میں آپریشن سرکل نوابشاہ کے میٹر ریڈر اسٹاف سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حیسکو میں میٹر ریڈر کی حیثیت ریڑھ کی ہڈی جیسی ہے اور یہ ادارے کا کیش باکس بھی ہے، بجلی چوری کا خاتمہ اور ادارے کی نیک نامی میں میٹرنگ اسٹاف کا اہم کردار ہے۔ انھوں نے میٹرنگ اسٹاف کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض محنت اور ایمانداری سے سرانجام دیں، کوئی ملازم غفلت کا مرتکب ہوا تو اسے نوکری سے فارغ کردیا جائے گا۔

چیف آپریٹنگ آفیسر بشیر احمد بلوچ نے بھی خطاب کیا۔ پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک سینٹرل لیبر یونین کے مرکزی صدر عبدالطیف نظامانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین کے حقوق کے لیے تعاون پر حیسکو انتظامیہ کے شکر گزار ہیں، ہم پر فرض عائد ہوتا ہے کہ ادارے کی عزت کی خاطر محنت سے کام کریں اور بجلی چوروں کا صفایا کرنے کا عہد کریں۔ اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ انجنیئر آپریشن سرکل نوابشاہ سعید احمد ڈائوچ، ایکسیئن آپریشن ڈویژن ٹنڈو آدم خلیل الرحمان میمن، SDO آپریشن سب ڈویژن بھٹ شاھ اصغر علی، CBA کے محمد اقبال قائمخانی، ملک سلطان، اعظم خان و دیگر بھی موجود تھے۔