آئزک اوررچرڈسن نے دورئہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی

ذکا اشرف سے ملاقات کے دوران ملک میں کرکٹ کی بحالی کیلیے تعاون کی یقین دہانی


Sports Reporter November 21, 2012
آئزک اور رچرڈسن نے پاک بھارت کرکٹ روابط کی بحالی پر بھی خوشی کا اظہار کیا۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

آئی سی سی کے صدر ایلن آئزک اور چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ رچرڈسن نے پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کیلیے تعاون کی یقین دہانی کرا دی۔

دونوں ٹاپ آفیشلز سے گذشتہ روز دبئی میں چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف نے ملاقات کی، اس موقع پر انھیں پاکستان آنے کی دعوت بھی دی گئی جو انھوں نے قبول کر لی،دورے کی تاریخیں بعد میں طے کی جائیں گی، آئزک اور رچرڈسن نے پاک بھارت کرکٹ روابط کی بحالی پر بھی خوشی کا اظہار کیا۔

دریں اثنا ذکااشرف نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ پاکستانی کرکٹرز کی آئی پی ایل میں شمولیت پر تاحال بی سی سی آئی سے کوئی بات نہیں ہوئی تاہم اگر دعوت ملی تو ضرور جائیں گے، بھارتی کرکٹرز کو پاکستانی لیگ میں شرکت کی دعوت بھی دی جائے گی، آئندہ چیمپئنز لیگ میں پاکستان پریمیئر لیگ کی فاتح ٹیم ہی حصہ لے گی۔ چیئرمین بورڈ نے کہا کہ کوچ ہنٹ کمیٹی میں ظہیر عباس کے استعفیٰ سے پیدا ہونے والا خلا ابھی پُر کرنا ہے، بیٹنگ کوچ کا تقرر کب ہوگا فی الحال کچھ نہیں کہا جاسکتا، یاد رہے اس پوسٹ کے لیے کئی سابق کرکٹرز درخواست دے چکے ہیں۔

مقبول خبریں