کرپشن کیس پاکستانی امپائرز کو کلین چٹ ملنے کا امکان

ٹھوس ثبوت نہیں ملا، کرکٹ بورڈ ایف آئی اے سے ویڈیو ٹیپس کی رپورٹ پانے کا منتظر۔


Saleem Khaliq November 22, 2012
ٹھوس ثبوت نہیں ملا، کرکٹ بورڈ ایف آئی اے سے ویڈیو ٹیپس کی رپورٹ پانے کا منتظر۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

کرپشن کیس میں پاکستانی امپائرز کو کلین چٹ ملنے کا امکان روشن ہو گیا۔ پی سی بی ایف آئی اے کو ارسال شدہ ویڈیو ٹیپس کی رپورٹ کا منتظر ہے۔

ذرائع کے مطابق اب تک کوئی ٹھوس ثبوت سامنے نہیں آ سکا،آئندہ چند روز میں امپائرز سے دوبارہ موقف طلب کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق کچھ عرصے قبل ایک بھارتی ٹیلی ویژن چینل نے امپائرز کی کرپشن کے حوالے سے رپورٹ پیش کی تھی، اس میں پاکستان کے ندیم غوری اور انیس صدیقی کو بھی ملوث قرار دیا گیا۔

آئی سی سی نے الزام کی زد میں آنے والے تمام میچ آفیشلز کو معطل کرتے ہوئے متعلقہ بورڈز کو انکوائری کا حکم دیا تھا، پی سی بی نے بھی اس ضمن میں کمیٹی قائم کی جس کی تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے، ذرائع نے نمائندہ ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ کمیٹی اب تک اسی نتیجے پر پہنچی کہ دونوں پاکستانی امپائرز کیخلاف کارروائی کیلیے کوئی ٹھوس ثبوت موجود نہیں لہذاانھیں کلین چٹ دیے جانے کا امکان روشن ہے، بورڈ نے آئی سی سی کی جانب سے موصول شدہ غیرایڈٹ شدہ ویڈیو ٹیپس گذشتہ دنوں ایف آئی اے کے فارنسک لیب بھجوائی تھیں،اس کی رپورٹ کا انتظار ہے، پہلی نظر میں ایسا دکھائی دیتا ہے کہ ٹیپس میں گفتگو کے مختلف حصوں کو جوڑا گیا۔

رپورٹ ملنے سے اس کی تصدیق بھی ہو جائے گی، کمیٹی نے امپائرز سے ایک بار پھر بات چیت کا پلان بنایا ہے اور ان سے دوبارہ تمام باتیں پوچھی جائیں گی، ذرائع نے مزید بتایا کہ ٹیپس میں کہیں یہ نہیں لگا کہ پاکستانی امپائرز نے خود میچ فکسنگ کاکہا بلکہ بھارتی انڈرکور رپورٹر نے اپنے الفاظ ان کے منہ میں ٹھونسنے کی کوشش کی تھی، آئندہ چند روز میں یہ معاملہ حل ہو سکتا ہے۔

مقبول خبریں