فائونٹین نے کوچز کو فیلڈنگ ڈرلز سکھانا شروع کردیں

پی سی بی کے زیراہتمام کورس کا لاہور میں آغاز ہوگیا، معیار میں بہتری آئے گی، کوچ


Sports Reporter November 22, 2012
پی سی بی کے زیراہتمام کورس کا لاہور میں آغاز ہوگیا، معیار میں بہتری آئے گی، کوچ فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام فیلڈنگ کورس کا لاہور میں آغاز ہوگیا۔

غیر ملکی کوچ جولین فائونٹین کی زیرنگرانی کورس میں ملک بھر کے ریجنل کوچز شریک ہیں۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فائونٹین نے کہا کہ ریجنل ٹیموں کے چیف و فیلڈنگ کوچز کا کورس کرانے کا مقصد انھیں جدید ڈرلز سے آگاہی فراہم کرنا ہے ، ٹیم انتظامیہ اور کر کٹ بورڈ سمجھتا ہے کہ اس طرح کے کورسز سے ملک میں فیلڈنگ کا معیار بہتر بنایا جا سکتا ہے، انھوں نے کہا کہ پاکستان کر کٹ کے لیے سب سے اچھی بات یہ ہے کہ تجربہ کار کھلاڑی فیلڈنگ پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں، بعض ریجنز میں بھی فیلڈنگ کا معیار بہت اچھا ہے تاہم کئی جگہ بہتری کی بھی ضرورت ہے۔

انھوں نے کہا کہ میں نے جب سے ٹیم کی فیلڈنگ کا شعبہ سنبھالا اس وقت سے اب تک خاصی بہتری آئی ہے۔ کورس کے حوالے سے سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد نے کہا کہ اس سے ملک میں فیلڈنگ کا معیار بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

انھوں نے کہا کہ یہ بہت افسوس کی بات ہے کہ اب نوجوان کرکٹرز فیلڈنگ پر توجہ نہیں دیتے،جب تک کھلاڑی فیلڈنگ بہتر بنانے میںخود دلچسپی نہیں لے گا بہتری نہیں آ سکتی ،مجھے امید ہے کہ مستقبل میں اس شعبے پر خاص توجہ دی جائے گی۔