استنبول میں بم دھماکا

ترکی کی سیکیورٹی فورسز دہشتگردوں کے خلاف نبرد آزما ہیں اور انھیں اس ضمن میں کامیابیاں بھی ملی ہیں


Editorial June 08, 2016
ترک بہادر اور جری قوم ہے جس نے تقریبا چارصدیوں تک اقوام عالم پرحکومت کی ہے، فوٹو : اے ایف پی

دہشت گردی کا عفریت دنیا بھر میں قیمتی انسانی جانوں کو نگل رہا ہے ، تازہ ترین واقعہ ترکی کے شہر استنبول میں رونما ہوا، بم دھماکے کے نتیجے میں سات پولیس اہلکاروں سمیت گیارہ افراد جاں بحق اور چھتیس زخمی ہوئے، ترک میڈیا کے مطابق بم ایک کار میں نصب تھا جسے ریموٹ کنٹرول سے اڑایا گیا، قریب سے گزرنے والی پولیس بس نشانہ بنی، مرنے والوں میں 4 عام شہری بھی شامل ہیں۔

دہشتگرد گروہ اور تنظیمیں سفاکیت اور بے رحمی کی انتہا کرچکی ہیں ، بے گناہ اور معصوم انسانوں کا قتل عام انھیں جگہوں پرکیا جاتاہے، جنھیں عوامی مقامات کہا جاتا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ انسانی جانیں تلف ہوں ، آجکل تسلسل سے ترکی میں فائرنگ اور بم دھماکوں کے واقعات ہورہے ہیں،اس کی دو وجوہات ہیں، ترکی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے اور بالخصوص داعش اور باغی گروہوں کی سرکوبی میں مصروف ہے، جو سراہے جانے کے لائق ہے، دوسری جانب مسلم امہ کی رہبری اور مسلمانوں کے جذبات کی ترجمانی بھی واضح اور دو ٹوک انداز میں کررہا ہے۔ یہ دونوں باتیں امن پسندوں کے لیے مثبت اندازفکر رکھتی ہیں جب کہ شدت پسند ترکی کا امن تہہ وبالا کرنا چاہتے ہیں اور وہ بار بار اس ملک کی داخلی صورتحال کو خراب کرنا چاہتے ہیں۔

بلاشبہ ترکی کی سیکیورٹی فورسز دہشتگردوں کے خلاف نبرد آزما ہیں اور انھیں اس ضمن میں کامیابیاں بھی ملی ہیں۔ اس سانحے کے بعد ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ ہم دہشت گردوں کے خاتمے تک لڑتے رہیں گے۔ فرانسیسی صدر فرانسوا اولاند اورامریکی سفیرجان بیس نے کہا کہ امریکا دہشت گردوں سے لڑنے کے لیے ترکی کے ساتھ ہے، جب کہ پاکستان نے بھی استنبول میں دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے حملے میں جاں بحق افراد کے لواحقین، ترک حکومت اور عوام کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہارکیا ہے اور ہر طرح کی دہشت گردی کی مذمت کی ہے۔

یقینا دہشت گردی کے خلاف جنگ ایک طویل صبر آزما مرحلہ ہے ، اس حقیقت کا ادراک پاکستان سے زیادہ کسے ہوسکتا ہے، جوگزشتہ ایک دہائی سے دہشتگردی کے عفریت کا سرکچلنے میں مصروف ہے ۔ ترک بہادر اور جری قوم ہے جس نے تقریبا چارصدیوں تک اقوام عالم پرحکومت کی ہے لہذا امید واثق ہے کہ وہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کامیاب وکامران ہوگا۔