خیبر پختونخوا میں طوفانی بارشوں سے 4 افراد ہلاک 112 زخمی

گلدرہ میں مکان کی چھت گرگئی جبکہ چارسدہ میں درخت گرنے سے مختلف مقامات پرٹریفک جام،کئی علاقوں کی بجلی بھی منقطع ہوگئی


ویب ڈیسک June 15, 2016
گلدرہ میں مکان کی چھت گرگئی جبکہ چارسدہ میں درخت گرنے سے مختلف مقامات پرٹریفک جام،کئی علاقوں کی بجلی بھی منقطع ہوگئی. فوٹو: پی پی آئی

خیبر پختونخوا میں طوفانی بارشوں سے مختلف علاقوں میں حادثات کے باعث 4 افراد ہلاک اور 112 زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق خیبر پختونخوا میں طوفانی بارشوں سے مختلف علاقوں میں چھتیں اور دیواریں گرنے کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک جب کہ 112 زخمی ہوگئے، اسپتال زرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں 49 افراد کا تعلق شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز سے ہے جب کہ 49 زخمیوں کو خیلفہ گل نواز اور 14 زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال بنوں لایا گیا۔

دوسری جانب ملکی بالائی علاقوں میں پری مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا اور پشاور میں 98 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے آندھی چلتی رہی جب کہ بارش اور تیز آندھی کے باعث، چھتیں، دیواریں، درخت اور سائن بورڈز گرنے کے مختلف واقعات میں 2 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے۔ بارش کے بعد شہرکے تینوں بڑے سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے عملے کو طلب کرلیا گیا ہے۔ تیز آندھی کے باعث کاکشال کے محلہ گلدرہ میں مکان کی چھت گرگئی جب کہ چارسدہ میں درخت گرنے سے مختلف مقامات پر ٹریفک جام ہوگیا اور کئی علاقوں کی بجلی بھی منقطع ہوگئی۔ لوئردیر، اپردیر، دیربالا اور مانسہرہ میں بھی موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سید مشتاق کے مطابق پشاور اور اس کے نواحی علاقوں میں 24 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جب کہ 98 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھی بھی چلتی رہی جس کے باعث چھتیں گرنے کے حادثات پیش آئے۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ بالائی پنجاب سمیت کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا میں آج سے جمعہ تک پری مون سون بارشوں کا امکان ہے جب کہ اس حوالے سے این ڈی ایم اے کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے، جن شہروں میں تیز بارشوں کا امکان ہے ان میں اسلام آباد، راولپنڈی، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات سرگودھا، گوجرانوالہ، پشاور، چار سدہ، نوشہرہ، صوابی، مردان، کوہاٹ شامل ہیں۔

مقبول خبریں