کراچی میں 9 محرم الحرام آج عقیدت و احترام سے منایا جائیگا

صبح مرکزی مجلس اور علم و ذوالجناح کا مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہوگا.


Staff Reporter November 24, 2012
8محرم کے جلوس کے شرکاایم اے جناح روڈ سے گزر رہے ہیں (فوٹو ایکسپریس)

9محرم الحرام آج ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی نہایت عقیدت و احترام سے منایا جائے گا علم و ذوالجناح کا مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہوگا اس سے قبل نشترپارک میں صبح 11 بجے مرکزی مجلس منعقد ہوگی۔

جس سے ممتاز عالم دین مولانا شہنشاہ حسین نقوی خطاب کریں گے مرکزی جلوس کی قیادت پاک حیدری اسکائوٹس کریں گے مرکزی جلوس کے شرکا ایم اے جناح روڈ پر امام بارگاہ علی رضا کے سامنے نماز ظہرین ادا کریں گے جس کے انتظامات آئی ایس او کرے گی اس موقع پر فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کیخلاف احتجاج بھی کیا جائے گا، 9 محرم الحرام کا ایک بڑا جلوس مرکزی امام بارگاہ لیاقت آباد سے صبح ساڑھے 7 بجے برآمد ہوگا یہ جلوس شاہ نجف مارٹن روڈ جائے گا۔

جہاں مجلس منعقد ہوگی جس کے بعد یہ جلوس نشترپارک کی جانب روانہ ہوگا اور مرکزی جلوس میں شامل ہوجائے گا مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں پرانی نمائش، ایم اے جناح روڈ، ایمپریس مارکیٹ، ریگل چوک، ڈینسوہال، لائٹ ہائوس، کورٹ روڈ، بولٹن مارکیٹ سے ہوتا ہوا حسینیاں ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا اس موقع پر انتظامیہ نے سخت حفاظتی انتظامات کیے ہیں اور مساجد و امام بارگاہوں سمیت شہر کے تمام حساس مقامات پر رینجرز و پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا اور مرکزی جلوس کے تمام راستوں کو سیل کردیا گیا ہے.

جلوس کے راستوں میں خفیہ کیمرے نصب کیے گئے ہیں، مختلف تنظیموں کے تحت نشترپارک پرانی نمائش اور اس کے اطراف پانی و شربت کی سبیلیں لگائی جائیں گی اور استقبالیہ کیمپ لگائے جائیں گے غازی اسکائوٹس کے تحت مرکزی طبی امدادی کیمپ لگایا جائے گا کیمپ میں ڈاکٹرز، نرسنگ عملہ اور ادویات دستیاب ہوں گی اسکائوٹس رابطہ کونسل کا اجلاس سولجربازار میں سردار حسین کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں کہا گیا کہ عزاداران مرکزی ماتمی جلوس میں شرکت کیلیے مخصوص راستوں کو استعمال کریں ، گاڑیوں کی پارکنگ باغ جناح گرائونڈ اور شارع قائدین پر ہوگی بغیر اسٹیکر والی گاڑیاں جلوس میں شامل نہیں ہوں گی۔