جلوس اور مجالس کے پر امن انعقاد کیلئے وسائل بروئے کار لا رہے ہیں عبد الوسیم خواجہ اظہار الحسن

الطاف حسین کی ہدایات پر شہر میں مذہبی روا داری اور مختلف مکاتب فکر کے مابین ہم آہنگی کے فروغ کیلیے برسر پیکار ہیں.


Staff Reporter November 24, 2012
حق پرست رکن قومی اسمبلی عبدالوسیم، مشیر وزیراعلیٰ سندھ خواجہ اظہارلحسن، ایڈمنسٹریٹر نیوکراچی ٹائون آفاق سعید کے ہمراہ ایم کیو ایم نیوکراچی سیکٹر کی جانب سے لگائے گئے استقبالیہ کیمپ پر موجود ہیں۔ فوٹو : ایکسپریس

رکن قومی اسمبلی عبدالوسیم اور وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ عزاداران حسین کے ماتمی جلوس اور مجالس کے انعقاد کو پرامن بنانے کیلیے تمام تر بلدیاتی و شہری سہولتوں کی فراہمی کیلیے اپنے وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے 8 محرم الحرام کے حوالے سے نیو کراچی ٹاؤن کے علاقے سیکٹر 5-F اور امام بارگاہ جعفریہ سیکٹر 5-D سے برآمد ہونے والے ماتمی جلوسوں میں شرکت کے دوران انتظامی امور کا جائزہ لیتے ہوئے کیا،انھوں نے مزید کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کے فکر و فلسفے اور واضح ہدایات کی روشنی میں شہر میں مذہبی روا داری اور مختلف مکاتب فکر کے مابین ہم آہنگی کے فروغ کیلیے ہر وقت میدان عمل میں برسر پیکار ہیں اور شہر میں مختلف مکاتب فکر کے علما ئے کرام ایک پلیٹ فارم پر یکجا ہیں اور دہشت گردی و انتہا پسندی کے خلاف متحد ہیں،

اس موقع پر نیو کراچی ٹاؤن کے ایڈمنسٹریٹر آفاق سعید نے کہا کہ محرم الحرام میں عزاداری کے مقامات اور جلوس کی گزر گاہوں میں صفائی ستھرائی،اسٹریٹ لائٹس کی مرمت اور روشنی کے مناسب انتظامات کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی کے حوالے سے رینجرز اور پولیس افسران سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ کسی بھی غیر معمولی واقعہ کو قبل از وقت ناکام بنا دیا جائے،ایڈمنسٹریٹر لیاقت آباد ٹاؤن سید محمد طلحہ نے کہا ہے کہ محرم الحرام میں عوام کو بہترین بلدیاتی سہولت کی فراہمی ہمارا مقصد ہے جس کی تکمیل کیلیے ترجیحات کا تعین کرکے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے.

ان خیالات کا اظہار انھوں نے یونین کونسل نمبر 3 سپرمارکیٹ میں واقع مختلف امام بارگاہوں کے اطراف جاری صاف ستھرائی کے کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے کیا،اس موقع پر ان کے ہمراہ ٹی او (ایم آر) محمد اسلم خان ، خالد صدیقی اور دیگر افسران موجود تھے،سید محمد طلحہ نے عوامی شکایات بالخصوص محرم الحرام کے حوالے سے موصول ہونے والی شکایات کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور متعلقہ افسران و عملے کو موقع پر ہی ہدایات دیں کہ تمام شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی ، انھوں نے بلدیاتی سہولتوں کی فراہمی اور عوامی شکایات کے بروقت ازالے کیلیے قائم کیے گئے شکایتی مرکز 1339 پر آنے والی شکایات کابھی جائزہ لیا اور ان کے فوری حل کی ہدایات بھی جاری کیں۔