شاہراہ پاکستان فلائی اوورز کوبروقت مکمل کیا جائے محمدحسین

پروجیکٹس کا اچانک معائنہ کریں گے دیکھیں گے احکامات پر عمل ہو رہا ہے یا نہیں.


Staff Reporter November 27, 2012
شہریوں کی سہولت کیلیے بنائے گئے ٹریفک ڈائی ورژن پلان پر عمل کرانے کی ہدایت ۔ فوٹو: فائل

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر محمد حسین سید نے کہا ہے کہ شاہراہ پاکستان شہر کا ایک انتہائی اہم اور مصروف کوریڈور ہے جو شہر کے مرکزی حصے کو سپر ہائی وے سے ملاتا ہے۔

لہٰذا اس کوریڈور پر بننے والے چاروں فلائی اوورز کی مقررہ وقت پر تعمیرضروری ہے،عاشورہ محرم کے بعدچاروں فلائی اوورز پر کام کی رفتار مزید تیز کردی جائے تاکہ ان منصوبوں کووقت پر مکمل کیا جاسکے، یہ بات انھوں نے شاہراہ پاکستان(کوریڈورV )کے چار مختلف انٹر سیکشنز پر جاری فلائی اوورز کے ترقیاتی کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کہی،ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ وہ خود ان تمام پروجیکٹس کا اچانک معائنہ کریں گے اوردیکھیں گے کہ آیااحکامات پر عمل ہو رہا ہے یا نہیں۔

انھوں نے اس دوران واٹر پمپ، عائشہ منزل، ڈاکخانہ اورتین ہٹی پر جاری ترقیاتی کاموں کے سلسلے میں اب تک ہونے والی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا اور ہدایات جاری کیں،خصوصاً شہریوں کی سہولت کیلیے بنائے گئے ٹریفک ڈائی ورژن پلان پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی ہدایت کی اور کہا کہ شہریوں کو ترقیاتی منصوبوں پر کام کے دوران ہر ممکن دشواری سے بچایا جائے ، انھوں نے کہا کہ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان ان فلائی اوورز کی تعمیر میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں،اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز الطاف جی میمن، پروجیکٹ ڈائریکٹرز، متعلقہ انجینئرز سمیت دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔