ایس ایم سائنس کالج منتقلی کیخلاف درخواست پر حکم امتناع
ہائیکورٹ نے آئندہ سماعت تک کالج کی اصل حالت برقرار رکھنے کی ہدایت کردی.
سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں دورکنی بینچ نے سندھ مسلم سائنس کالج کی منتقلی کے خلاف حکم امتناع جاری کرتے ہوئے کالج کی منتقلی سے متعلق نوٹیفکیشن پر عملدرآمد معطل کردیا ہے ۔
عدالت نے ہدایت کی ہے کہ آئندہ سماعت تک ایس ایم سائنس کالج کی اصل حالت برقرار رکھی جائے، سرفراز سمیت تین درخواست گزاروں نے گورنرسندھ،چیف سیکریٹری، ڈائریکٹر کالجزاور ایڈیشنل ڈائریکٹر انسپکشن کالجز کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ ریجنل ڈائریکٹر کالجز نے ایس ایم سائنس کالج کو گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج منتقل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے،اس ضمن میں ایڈیشنل ڈائریکٹر انسپکشن کالجز نے 11اکتوبر2012کو ایک خط لکھا ہے جس میں کالج انتظامیہ کو فوری طور پر کالج منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
کالج کی منتقلی سے سیکڑوں طالب علموں کا مستقبل خطرے میں پڑگیا ہے اور تعلیمی سال ضائع ہونے کا بھی خدشہ ہے،گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج میں 1500طالب علموں کی گنجائش نہیں،امن وامان کے مسائل در پیش ہیں لہٰذا کالج کی منتقلی کو روکا جائے، منگل کو سماعت کے موقع پر درخواست گزاروں کے وکیل ملک نعیم اقبال نے استدعا کی کہ طلبا تذبذب کا شکار ہیں، حتمی فیصلے تک حکم امتناع جاری کیا جائے۔