ایف بی آر 428 نئی آسامیوں کیلیے سمری وزارت خزانہ کو ارسال

144 پاکستان کسٹمز سروس اوران لینڈ ریونیو سروس کیلیے284 پوسٹس شامل


Irshad Ansari November 29, 2012
وزیراعظم اصولی منظوری دے چکے، وزارت خزانہ بجٹ ودیگر امور کے ساتھ آگے بھیجے گی، ذرائع فوٹو: فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے پاکستان کسٹمز سروس اور ان لینڈ ریونیو سروس کیلیے گریڈ 18 سے 21 کی مزید 428 نئی آسامیاں فراہم کرنے کی سمری منظوری کیلیے وزارت خزانہ کو بھجوادی ہے۔

ایف بی آر کے سینئر افسر نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ مذکورہ آسامیوں کیلیے وزیراعظم نے ایف بی آر کے دورے کے موقع پر اصولی منظوری دی تھی اور اس کیلیے وزارت خزانہ کے ساتھ باہمی مشاورت کے بعد سمری بھجوانے کی ہدایت کی تھی۔ ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ چونکہ ایف بی آر کی ریگولیٹر وزارت ہے، اس لیے پہلے اس سمری کی منظوری وزارت خزانہ دے گی جس میں ان نئی آسامیوں کیلیے بجٹ کی منظوری سمیت دیگر مالی معاملات بھی شامل ہیں اور اس کے بعد وزارت خزانہ کے ذریعے ہی یہ سمری وزیراعظم کو بھجوائی جائے گی جس کے بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی طرف سے ان نئی آسامیوں کا نوٹیفکیشن جاری ہوگا۔

ذرائع نے بتایا کہ نئی آسامیاں میں پاکستان کسٹمز سروس کیلیے 144 اور ان لینڈ ریونیو سروس کیلیے284 پوسٹس شامل ہیں جبکہ ''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق ایف بی آر کی طرف سے پاکستان کسٹمز سروس کیلیے 144نئی آسامیوں میں سے گریڈ 18 کی 80 آسامیاں، گریڈ19کی 40نئی آسامیاں،گریڈ 20کی 20 نئی آسامیاں اورگریڈ 21 کی 4 نئی آسامیاں مانگی گئی ہیں جبکہ ایف بی آر کی طرف سے ان لینڈ ریونیو سروس کے لیے 284 نئی آسامیوں میں سے گریڈ18 کی 160 آسامیاں، گریڈ19کی 80 نئی آسامیاں، گریڈ 20 کی 40نئی آسامیاں اور گریڈ 21 کی 4 نئی آسامیاں مانگی گئی ہیں۔