فیصل کنٹونمنٹ بورڈ کو پانی کی فراہمی روک دی گئی

واٹر بورڈ نے نا دہندہ سرکاری اداروں کیخلاف کارروائی شروع کردی، نوٹس جاری.


Staff Reporter November 29, 2012
فوٹو فائل

کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نے نا دہندہ سرکاری اداروں کے خلاف کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے ابتدائی مرحلے میں فیصل کنٹونمنٹ بورڈ کو پانی کی فراہمی روک دی ہے جبکہ دیگر سرکاری اداروں جن میں ریلوے ، محکمہ تعلیم ، پی ڈبلیو ڈی ، پی ٹی سی ایل وغیرہ شامل ہیں جن کو نوٹس جاری کر دیے ہیں کہ وہ واٹر بورڈ کے بقایا جات فوری طور پر ادا کر دیں۔

بصورت دیگر واٹر بورڈ انھیں فراہمی و نکاسی آب کی سہولت فراہم کرنے سے قاصر ہو گا، یہ اقدامات کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے منیجنگ ڈائریکڑ مصباح الدین فرید کی ہدایت کی روشنی میں اٹھائے گئے ہیں جو انھوں نے واٹر بورڈ کو مالی بحران سے نکالنے اور محکمہ ریونیو کو فعال بنانے کے لیے کیے ہیں، واٹر اینڈ سیوریج بور ڈ نے محکمہ ریونیو اور انجینئرنگ کی مشترکہ ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں جو نادہندگان کے خلاف مختلف علاقوں میں کارروائی کر رہی ہیں۔

فیصل کنٹونمنٹ بورڈ کو واٹر بورڈ پانی فراہم کرتا ہے تا ہم بقایا جات کی وصولی کے لیے مذکورہ محکمے کو متعدد بار خطوط ارسال کیے گئے مگر ان کی جانب سے واٹر بورڈ کو ادائیگی کیلیے کوئی پیش رفت نہ ہو سکی جس پر ابتدائی مرحلے میں یہاں پانی کی فراہمی روک دی گئی ہے اور اس فیصلے سے کنٹونمنٹ بورڈ انتظامیہ کو آگاہ کر دیا گیا ہے،کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے منیجنگ ڈائریکڑ مصباح الدین فرید نے محکمہ ریونیو کو ہدایت کی ہے کہ نادہندگان کے خلاف کاروائی کا عمل جاری رکھا جائے اور اس سلسلے میں کسی قسم کا دبائو خا طر میں نہ لائیں۔