عیدالفطرکے موقع پرمہنگائی کی شرح میں 090 فیصد کا اضافہ

35 ہزار روپے سے زائد ماہانہ کمانے والوں کیلیے مہنگائی کی شرح میں 0.76 فیصد کا اضافہ ہوا۔


Business Desk July 17, 2016
35 ہزار روپے سے زائد ماہانہ کمانے والوں کیلیے مہنگائی کی شرح میں 0.76 فیصد کا اضافہ ہوا۔ فوٹو: فائل

عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.90 فیصد کا اضافہ ہوا۔ پاکستان بیوروشماریات (پی بی ایس) کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق 14جولائی کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 20اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

سب سے زیادہ اضافہ ٹماٹر کی اوسط قیمت میں 32.24 فیصد کا ہوا جس کے نتیجے میں ایک ہفتے کے دوران ملک میں ٹماٹر کی اوسط قیمت52.91 روپے سے بڑھ کر 69.97 روپے فی کلوگرام ہوگئی جبکہ لہسن23.17 فیصد، آلو16.95 فیصد، انڈے8.61 فیصد، پیاز 6.74 فیصد، دال چنا5.99 فیصد، چینی3.21 فیصد، سگریٹ1.87 فیصد، گڑ0.93 فیصد، گندم0.72 فیصد، صابن 0.66 فیصد، آٹا0.57 فیصد، باسمتی ٹوٹا چاول0.49 فیصد، دہی 0.31 فیصد، اری 6 چاول 0.30 فیصد، بکرے کاگوشت0.27 فیصد، تازہ دودھ 0.19 فیصد، دال ماش0.11 فیصد، سرخ مرچ پسی کھلی ہوئی 0.05 فیصد اور دال مسور کی قیمت0.01 فیصد بڑھی۔

اس کے علاوہ 5اشیا بشمول کیلے، مرغی، ایل پی جی، دال مونگ اور ویجیٹیبل گھی (کھلا/تھیلی) کی قیمتوں میں کمی ہوئی اور 28اشیا کے نرخ برقرار رہے۔ پی بی ایس کے مطابق گزشتہ ہفتے افراط زر میں سب سے زیادہ اضافہ 8ہزار روپے ماہانہ کمانے والوں کے لیے 1.17 فیصد، 12ہزار روپے ماہانہ آمدن والوں کیلیے 1.05 فیصد، 18ہزار روپے کمانے والوں کیلیے 1فیصد، 35ہزار ماہانہ آمدن والوں کیلیے 0.91 فیصد اور 35 ہزار روپے سے زائد ماہانہ کمانے والوں کیلیے مہنگائی کی شرح میں 0.76 فیصد کا اضافہ ہوا۔

مقبول خبریں