ڈونلڈ ٹرمپ کی باضابطہ نامزدگی

یہ میرے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے، میں سخت محنت کروں گا اور مایوس نہیں ہونے دوں گا، ٹرمپ


Editorial July 22, 2016
یہ میرے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے، میں سخت محنت کروں گا اور مایوس نہیں ہونے دوں گا، ٹرمپ. فوٹو: فائل

امریکا کے ارب پتی تاجر ڈونلڈ ٹرمپ کو ری پبلکن پارٹی نے نومبر میں ہونیوالے صدارتی انتخاب کے لیے باضابطہ طور پر اپنا امیدوار نامزد کر دیا ہے۔ امریکی ریاست اوہائیو کے شہر کلیولینڈ میں جاری ری پبلکن کنونشن میں ووٹنگ کے دوران ٹرمپ کے بڑے بیٹے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر نے ریاست نیویارک کی جانب سے اپنے والد کی حمایت کا اعلان کیا۔

جس کے بعد انھیں صدارتی نامزدگی کے لیے درکار1237 کے بجائے 1725 مندوبین کی حمایت حاصل ہو گئی۔ اس کے بعد ایوانِ نمایندگان کے اسپیکر پال رائن نے ری پبلکن پارٹی کی جانب سے باضابطہ طور پر صدارتی نامزدگی کی دوڑ میں ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت کا اعلان کیا۔ ٹرمپ اس موقع پر ایک مسلمان سپورٹر کو اپنے ساتھ لے کر اسٹیج پر آ گئے تا کہ ان کے بارے میں مسلمان دشمنی کے تاثر کا ابطال ہو سکے۔ ٹرمپ کے قریب ترین حریف ٹیڈ کروز صرف475 مندوبین کی حمایت حاصل ہو پائی۔ سابق امریکی صدر بش کے بھائی جیب بش صرف تین مندوبین کی حمایت بٹور سکے۔ ٹرمپ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ یہ میرے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے، میں سخت محنت کروں گا اور مایوس نہیں ہونے دوں گا۔ سب سے پہلے امریکا!!!۔ واضح رہے یہ وہی نعرہ ہے جو پاکستان کے سابق صدر جنرل پرویز مشرف بھی پاکستان کے بارے میں لگایا کرتے تھے۔

ٹرمپ کے ساتھ انتخابات میں حصہ لینے والے نائب صدر کے امیدوار مائیک پینس کی بھی باقاعدہ نامزدگی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ڈیموکریٹ پارٹی کی صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن نے ٹرمپ کی نامزدگی کی خبر پر فوری ردِعمل دکھاتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ ابھی رپبلکن امیدوار بن گئے ہیں، لہذا ہمارے تمام سپورٹرز ہمارے ساتھ شامل ہو کر اس بات کو یقینی بنائیں کہ ٹرمپ کبھی بھی (وائٹ ہاؤس کے) اوول آفس میں قدم نہ رکھ پائیں۔ ٹرمپ جس پاکستانی نژاد امریکی شہری کو اپنے ساتھ لے کر اسٹیج پر آئے تو حاضرین نے ''نو اسلام'' کے نعروں سے استقبال کیا۔ ساجد تارڑ نے اتحاد و یکجہتی کے فروغ اور دہشتگردی کے خاتمے کی دعا کی۔ ایوان کے اسپیکر پال ریان جنہوں نے کہ ٹرمپ کی نامزدگی کا اعلان کیا، پارٹی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے امیدوار کے پیچھے ڈٹ کر کھڑے ہو جائیں اور ہلیری کا وہائٹ ہاوس جانے کا راستہ روک دیں۔

ٹرمپ نے لائیو اسٹریم پر حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے اپنی نامزدگی کو ایک اعزاز قرار دیا اور کہا ان کی قیادت امریکی عوام کو سب سے پہلے رکھے گی۔ڈونلڈ ٹرمپ کی نامزدگی سے ری پبلکن پارٹی کی سوچ کا بخوبی اندازہ ہوتا ہے' نومبر میں ہونے والا صدارتی الیکشن امریکا کو تبدیل کر دے گا' اگر ہیلری کلنٹن کامیاب رہیں تو اس کا مطلب ہو گا کہ امریکا نے انتہا پسندی اور نسل پرستی کو شکست دیدی ہے اور اگر ٹرمپ فتح یاب ہو گئے تو امریکا دنیا کے لیے تو مسائل پیدا کر ے گا ہی لیکن امریکی سوسائٹی میں بھی مذہبی و نسلی تقسیم بہت گہری ہو جائے گی۔