ہیلری کلنٹن نے اپنے نائب صدارتی امیدوار کے لئے ٹم کین کا انتخاب کرلیا

ٹم کین کا تعلق امریکی ریاست ورجینیا سے ہے اور وہ آزادانہ تجارت کے معاہدوں کے حامی ہیں


ویب ڈیسک July 23, 2016
امریکا کے آئندہ صدارتی انتخابات رواں برس ہوں گے جس میں ہیلری کلنٹن کا مقابلہ ریپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ سے ہوگا۔ فوٹو: ٹوئٹر

امریکا میں صدارتی انتخابات کے لئے ڈیموکریٹ پارٹی کی امیدوار ہلیری کلنٹن نے سینیٹر ٹم کین کو اپنا نائب صدارتی امیدوار منتخب کیا ہے۔

امریکا کی ڈیموکریٹ پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ٹویٹ کے ذریعے ریاست ورجینیا سے تعلق رکھنے والے سینیٹر ٹم کین کو اپنا نائب صدارتی امیدوار منتخب کرنے کےفیصلے کا اعلان کیا۔

 

https://twitter.com/HillaryClinton/status/756664755528540160

 

ٹم کین کو اپنے نائب صدارتی امیدوار کی حیثیت سے منتخب کرنے کے موقع پر ہیلری کلنٹن کا کہنا تھا کہ ٹم کین ایک تجربہ کار سیاستدان ہیں اور انہوں نے اپنی ساری عمر دوسروں کے لئے جدوجہد کی ہے۔

تجزیہ کاروں کے جانب سے رواں برس ہونے والے صدارتی انتخابات میں ریاست ورجینیا کو اہم میدانِ جنگ قرار دیا جا رہا ہے۔ اسی وجہ سے ہیلری کلنٹن نے ٹم کین کا انتخاب کیا ہے کیونکہ ریاست میں ہسپانوی نژاد امریکیوں کی تعداد زیادہ ہے اور ٹم کین بھی روانی سے ہسپانوی بول سکتے ہیں ، اس کے علاوہ ان کا ذہنی رجحان بھی ریاست کے اکثریتی عوام سے مماثلت رکھتا ہے۔

 

https://twitter.com/HillaryClinton/status/756647127187656705

اس سے پہلے ہیلری کلنٹن کے مخالف امیدور ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے نائب کے لئے ری پبلکن پارٹی کے کنونشناور کا انتخاب کیا تھا اور اس فیصلے کے بعد ہیلری کلنٹن کی مقبولیت میں غیر معمولی کمی ہوگئی تھی ۔ ہیلری کلنٹن کو گزشتہ ماہ ڈونلڈ ٹرمپ پر 15 پوائنٹس کی برتری حاصل تھی لیکن گزشتہ روز تک وہ اپنے حریف کے برابر آچکی تھیں۔

https://twitter.com/HillaryClinton/status/756681823556628480

امریکی سیاسی تجریہ کاروں نے ریاست ورجینیا کو امریکا میں 8 نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات کا اہم سیاسی میدان جنگ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نائب صدر کے لئے ٹم کین کا انتخاب ہیلری کلنٹن کے لئے بہترین مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ ہیلری کلنٹن ٹم کین کے نائب صدارتی امیدوار بنانے کا باضابطہ اعلان آج میامی میں ہونے والی ریلی میں خطاب کے دوران کریں گی۔

https://twitter.com/HillaryClinton/status/756642903469031424

واضح رہے کہ امریکا کے آئندہ صدارتی انتخابات رواں برس ہوں گے جس میں ہیلری کلنٹن کا مقابلہ ریپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ سے ہوگا۔

مقبول خبریں