ڈیری مافیا دودھ کی قیمت پھر بڑھانے کیلئے سرگرم

سرکاری مشینری حسب معمول اپنی ہی مقرر کردہ قیمت پر عملدرآمد میں ناکام رہی۔


Business Reporter/Kashif Hussain December 01, 2012
ڈیری انڈسٹری کے ذرائع کے مطابق موسم سرما میں دودھ کی پیداوار میں 20 سے 30 فیصد اضافہ ہوجاتا ہے۔ فوٹو: فائل

کراچی میں تازہ دودھ کی سرکاری قیمت 70روپے کی مدت کے خاتمے پر ڈیری مافیا نے قیمت میں فی لیٹر 10روپے اضافے کی منصوبہ بندی شروع کردی ہے۔

جس کے لیے من گھڑت لاگت کا تخمینہ کمشنر آفس کو ارسال کردیا گیا ہے، کمشنر کراچی کی جانب سے 9 اپریل 2012 کو کراچی میں تازہ دودھ کی سرکاری قیمت 10روپے بڑھا کر 70روپے لیٹر مقرر کی تھی سرکاری قیمت میں 10روپے اضافے کے باوجود منافع خور ڈیری مافیا 74روپے فی لیٹر قیمت پر دودھ فروخت کرتی رہی اور سرکاری مشینری حسب معمول اپنی ہی مقرر کردہ قیمت پر عملدرآمد میں ناکام رہی دودھ کی سرکاری قیمت 70روپے فی لیٹر مقر کرنے کے لیے جاری کردہ نوٹیفکیشن CK/CR/2012-83 کی مدت 30نومبر کو ختم ہوگئی ہے۔

MMM

جس کے خاتمے سے قبل ہی ڈیری مافیا نے دودھ کی پیداوار، تھوک اور ریٹیل فروخت کے لیے لاگت کا من گھڑت تخمینہ کمشنر آفس میں جمع کرادیا ہے جس میں دودھ کی سرکاری قیمت مزید 10روپے فی لیٹر بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے اپریل میں قیمتوں کے تعین کے وقت ہونے والے اجلاسوں میں موسم سرما کے دوران دودھ کی کھپت میں کمی اور پیداوار میں اضافے کے سبب طلب کے مقابلے میں رسد زیادہ ہونے کی نشاندہی کرتے ہوئے موسم سرما میں قیمت کم کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا تاہم صوبائی حکومت اور اعلیٰ انتظامیہ کی آنکھوں میں دھول جھونکتے ہوئے موسم سرما میں قیمت کم کرنے کی بجائے اضافے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔

ڈیری انڈسٹری کے ذرائع کے مطابق موسم سرما میں دودھ کی پیداوار میں 20 سے 30 فیصد اضافہ ہوجاتا ہے ساتھ ہی دودھ کے کمرشل استعمال میں 50 فیصد تک کمی ہوجاتی ہے سرد موسم کے سبب لسی، دودھ کی بوتلوں، قلفی، فالودے، دودھ سے تیار مشروبات، قلفی کھیر فرنی اور دودھ سے تیار کیے جانے والے دیگر ٹھنڈے آئٹمز کی طلب غیرمعمولی طور پر کم ہوجاتی ہے پیداوار بڑھنے اور طلب کم ہونے سے مجموعی طور پر طلب کے مقابلے میں رسد 80 فیصد تک بڑھ جاتی ہے جس سے دودھ کی تھوک قیمت میں بھی کمی واقع ہوتی ہے موسم سرما میں شہر بھر میں دودھ کے عارضی اسٹالز اور دکانیں قائم کردی گئی ہیں۔

M5

جہاں دودھ عام دکانوں سے 20 فیصد تک ڈسکائونٹ پر فروخت کیا جارہا ہے تاہم بندی پر دودھ لینے والے دکاندار بدستور مہنگے داموں دودھ فروخت کررہے ہیں، کنزیومر رائٹس پروٹیکشن کونسل آف پاکستان کے چیئرمین شکیل احمد بیگ نے کمشنر کراچی گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ سے اپیل کی ہے کہ دودھ کی قیمت میں موسم سرما کے سبب اضافی رسد کے پیش نظر 10روپے لیٹر کم کی جائے تاکہ گزشتہ کئی سال سے غیرسرکاری قیمت پر دودھ فروخت کرنے والے صارفین کو ریلیف مل سکے۔

مقبول خبریں