سی این جی بند عوام پریشان کھلے اسٹیشنز پر طویل قطاریں

حکومت حق پر فیصلہ کرے ہڑتال ختم کر دیں گے،سی این جی ایسوسی ایشن، مافیا اربوں کما چکی، چیف جسٹس نوٹس لیں،شہری حلقے


Numaindgan Express/ December 01, 2012
نرخوں میں اضافے تک سی این جی اسٹیشن بند رکھے جائینگے، سندھ سی این جی ایسوسی ایشن کے اجلاس میں ایک گروپ کا اعلان، دوسرے کا اختلاف۔ فوٹو: فائل

سی این جی ایسوسی ایشن اور اوگرا میں ڈیڈلاک کا خاتمہ نہ ہونے کی وجہ سے جمعے کوبھی عوام کو ہڑتال کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

کئی بڑے شہروں میں اکثر سی این جی اسٹیشنز بند رہے جبکہ اکا دکا کھلے اسٹیشنز پر گاڑیوں کی میلوں لمبی قطاریں لگ گئیں۔ انتظامیہ نے معاملہ عدالت میں ہونے کے باعث سی این جی اسٹیشنز کھلوانے کے حوالے سے کوئی بھی اقدام اٹھانے سے معذرت کر لی۔

دوسری طرف سی این جی ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ ہمارے خلاف محاذ بنا لیا گیا ہے، ہمیں دیوار کی ساتھ لگانے کے باوجود ظالم بنا کر پیش کیا جا رہا ہے جو کسی طرح بھی قابل قبول نہیں۔ حکومت ہمیں یوریا انڈسٹری یا آئی پی پیز کے نرخوں پر گیس فراہم کرے اور ٹیکسز عائد کرے اور انصاف کے مطابق ہمارا منافع طے کر دے ہم اس پر بھی گیس بیچنے کے لیے تیار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حکومت حق پر فیصلہ کرے ہڑتال ختم کر دیں گے۔

15

این این آئی کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، کراچی، حیدر آباد، پشاور، کوئٹہ سمیت بیشتر شہروں میں سی این جی اسٹیشنز کی بندش سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سی این جی مافیا اربوں روپے منافع کما چکی ہے پھر بھی ان کا پیٹ نہیں بھر رہا اور وہ عوام کو تنگ کرنے میں لگے ہیں، حکومت اور چیف جسٹس نوٹس لیں۔

ادھر حیدرآبادمیں سی این جی کی قیمتوں میں من پسند اضافے تک سی این جی اسٹیشنز بند رکھنے کے معاملے پر اسٹیشنز مالکان اختلافات کا شکار ہوگئے تاہم ایک گروپ نے قیمتوں میں اضافے تک آج (ہفتہ) سے اپنے اسٹیشن غیر معینہ مدت تک بند رکھنے کا اعلان کردیا ۔

16

اطلاعات کے مطابق سندھ سی این جی ایسوسی ایشن کا جنرل باڈی اجلاس قائم مقام چیئرمین عبدالرفیع عباسی کی صدارت میں مقامی کلب میں ہوا، جس میں سی این جی کی قیمتوں کا معاملہ زیر بحث آیا تاہم قیمتوں میں اضافے تک اسٹیشنز بند رکھنے کے معاملے پر اجلاس میں اختلافات پیدا ہوگئے۔

ایک گروپ کا کہنا تھا کہ اگر سی این جی اسٹیشنز بند کرنی ہے تو پھر اس کا اعلان ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم سے کیا جائے اور فوری طور پر سی این جی اسٹیشنز بند کردیئے جائیں لیکن دوسرے گروپ نے بندش کے عمل کو ہڑتال کا نام دینے پر تو رضا مندی ظاہر کردی لیکن اس بات پر اختلاف کیا کہ مستقل طور پر اسٹیشنز بند کردیئے جائیں۔