یوسف ’’رضاکارانہ‘‘ طور پر حفیظ کیلیے قیادت سے دستبردار

لاہور لائنز کی ٹیم بیٹسمین کی مشاورت سے تشکیل دی گئی لیکن صبح ہوتے ہی کایا پلٹ گئی۔


Sports Reporter December 02, 2012
محمد حفیظ نے پہلے خود ہی کہا تھا کہ میں ٹیم میں نیا ہوں لہذا کپتان نہیں بنوں گا، صدر ایل سی سی اے خواجہ ندیم فوٹو: فائل

لاہور لائنز کے محمد یوسف ''رضاکارانہ'' طور پر محمد حفیظ کے حق میں قیادت سے دستبردار ہوگئے۔

صدر ایل سی سی اے خواجہ ندیم نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آل رائونڈر مہمان کھلاڑی نہیں بلکہ لاہور میں رہائش پذیر ہونے کی وجہ سے ڈومیسٹک کرکٹ میں شہر کی نمائندگی کا حق رکھتے ہیں،انھوں نے بتایا کہ محمد حفیظ نے پہلے خود ہی کہا تھا کہ میں ٹیم میں نیا ہوں لہذا کپتان نہیں بنوں گا۔

محمد یوسف ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں دلچسپی نہیں رکھتے، اس لیے آل رائونڈر کیساتھ بات چیت کی جس کے بعد دونوں نے فیصلہ کیا کہ دورئہ بھارت کے پیش نظر محمد حفیظ کیلیے مزید تجربہ حاصل کرنا ہی بہتر ہوگا۔ قبل ازیں فیصل آباد وولفز سے ناطہ توڑ کر لاہور لائنز کی طرف سے کھیلنے کا فیصلہ کرنیوالے قومی ٹوئنٹی 20 ٹیم کے کپتان حیران کن طور پر ایک عام کھلاڑی کی حیثیت سے کھیلنے پر مجبور تھے۔

03

گزشتہ روز بورڈ نے یو ٹرن لیتے ہوئے انھیں قیادت سونپنے کی بات شروع کی تو نئی بحث چھڑ گئی،اس اقدام کی مخالفت کرنے والوں کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کے کپتان کا ڈومیسٹک ایونٹ میں قیادت سے محروم رہنا واقعی معقول بات نہیں لیکن اچانک محمد یوسف کو دستبردار کرانا بھی جائز نہیں، فیصلہ درست ہے تو بھی طریقہ کار اور وقت مناسب نہیں لگتا۔

ذرائع کے مطابق میچ سے قبل رات کو ٹیم محمد یوسف کی مشاورت سے ہی تشکیل دی گئی لیکن اگلے روز کایا پلٹ گئی،طویل بحث کے بعد بالاخر مڈل آرڈر بیٹسمین کو ہی ہار ماننا پڑی کیونکہ دورئہ جنوبی افریقہ کے موقع پر ٹیسٹ ٹیم میں واپسی کے خواہشمند یوسف مزید کسی الجھن کا شکار نہیں ہونا چاہتے۔

مقبول خبریں