ناظم آباد پل کے انہدام کی منظوری دیدی گئی

گرین لائن بس ریپیڈ ٹرانزٹ منصوبے میں حائل پل کی انہدامی کارروائی 15دن میں شروع کردی جائے گی


Staff Reporter August 04, 2016
گرین لائن بس ریپیڈ ٹرانزٹ منصوبے میں حائل پل کی انہدامی کارروائی 15دن میں شروع کردی جائے گی۔ فوٹو: ایکسپریس

ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے وفاقی حکومت کے زیر انتظام گرین لائن بس ریپیڈ ٹرانزٹ منصوبے میں حائل ناظم آباد نمبر7پر قائم پل کے انہدام اور اس سیکشن کی مجوزہ پلان کے مطابق ری ماڈلنگ کی منظوری دیدی ہے، پل کی انہدامی کارروائی 15دن میں شروع کردی جائے گی، پہلے حیدری سے ناظم آباد جانے والے ٹریک کو مسمار کیا جائے گا بعدازاں دوسرے ٹریک کو منہدم کیا جائے گا۔

پل کے انہدام سے قبل ٹریفک کے متبادل ذرائع کیلیے سڑک کی تعمیر کا کام آئندہ 2روز میں شروع کردیا جائے گا، تفصیلات کے مطابق کراچی کے موجودہ پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کی بہتری کے لیے وفاقی حکومت کے تحت شہر میں بس ریپڈ ٹرانسپورٹ سسٹم پر عملدرآمد کا فیصلہ کیا گیا ہے، وفاقی حکومت کے زیر نگرانی ان منصوبوں کی تکمیل سے شہر میں جدید پبلک ٹرانسپورٹ نظام متعارف ہوگا جس سے شہریوں کو آمدورفت کی بہتر اور آرام دہ سہولیات میسر آئیں گی، اس ضمن میں پاور ہاؤس چورنگی سرجانی تا میونسپل پارک صدر گرین لائن منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے۔

جس کے لیے کراچی انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ منسٹری آف کمیونیکیشن حکومت پاکستان کی جانب سے ناظم آباد نمبر 7 پر قائم پل کی بلدیہ عظمیٰ کراچی سائیڈ اور پاکستان ریلوے سائیڈ کے انہدام کے لیے دونوں اداروں سے اجازت نامہ جاری کرنے کی درخواست کی گئی تھی اور خط کے ہمراہ مجوزہ سیکشن کی ری ماڈلنگ کا پلان نقشہ جات و دیگر دستاویزات بھی منسلک کی گئی تھیں، بعدازیں اس حوالے سے چیف سیکریٹری حکومت سندھ کی سربراہی میں ایک اجلاس ہوا جس میں حکومت سندھ کے متعلقہ محکموں کے سربراہان کے علاوہ پاکستان ریلوے ، کے ایم سی، کے ڈی اے، ضلعی انتظامیہ وسطی، ڈپٹی کمشنر سینٹرل اور کے آئی ڈی سی ایل کے ذمے داران و پروجیکٹ کنسلٹنٹ نے شرکت کی، اجلاس میں پروجیکٹ کا جائزہ لیا گیا اور گرین لائن منصوبے کے جاری کاموں میں حائل رکاوٹوں کا جائزہ لیا گیا ۔

جس کے دوران کے آئی ڈی سی ایل نے آگاہ کیا کہ ناظم آباد 7 نمبر پر قائم پل جو کراچی سرکلر ریلوے لائن پر قائم ہے گرین لائن منصوبے کی راہ میں حائل ہو رہا ہے جس کی وجہ سے مذکورہ مقام پر منصوبے کی الائنمنٹ میں دشواری پیش آرہی ہے لہٰذا اس پل کے انہدام کی اشد ضرورت ہے جس پر چیف سیکریٹری حکومت سندھ نے بلدیہ عظمیٰ کراچی اور پاکستان ریلوے کو ہدایت کی کہ گرین لائن منصوبے کی تکمیل میں حائل ناظم آباد نمبر 7 پر قائم پل کے انہدام کے لیے جلد از جلد اجازت نامہ جاری کیا جائے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز کی جانب سے ارسال کی گئی مذکورہ بالا سفارشات کی بطور قرارداد نمبر 53 منظوری عطا کردی، وفاقی حکومت کے ادارہ کراچی انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی متعلقہ افسران کے مطابق ناظم آباد نمبر 7پر قائم پل دو مراحلم میں مسمار کیا جائے گا، پہلے حیدری تا ناظم آباد والا ٹریک منہدم کیا جائے گا ، بعدازاں دوسرا ٹریک مسمار کیا جائے گا، انھوں نے کہا کہ انہدامی کارروائی سے قبل ٹریفک کے متبادل ذرائع کیلیے صائمہ ٹاور کے نزدیک سڑک کی تعمیر کی جائیگی جو آئندہ دو دن میں شروع کردی جائیگی، سڑک کی تعمیر 15دن میں مکمل ہوجائیگی جس کے بعد پل کی انہدامی کارروائی شروع کردی جائیگی۔