زمینوں کو قبضہ مافیا کے چنگل سے بچایا جائے

امید کی جانی چاہیے کہ مراد علی شاہ سندھ کی قیمتی سرکاری زمینوں کو قبضہ مافیا کے چنگل سے نجات دلائیں گے


Editorial August 10, 2016
وفاقی اور تمام صوبائی حکومتیں ملک بھر میں قبضہ مافیا کے خلاف موثر کارروائی عمل میں لائیں۔ فوٹو: فائل

زمین اور پلاٹوں پر قبضے کی کہانی بہت پرانی ہے، سندھ خصوصاً کراچی میں قبضہ مافیا ایک عرصے سے سرگرم عمل ہے جس کے باعث شہر قائد میں اربوں روپے مالیت کی سرکاری زمینوں پر نہ صرف قبضہ کرلیا گیا بلکہ مہنگے داموں شہریوں کو فروخت بھی کیا گیا، مافیا نے چائنا کٹنگ کی اصطلاح سامنے لاکر ان اضافی زمینوں اور پلاٹوں پر بھی قبضہ کرکے رہائشی یونٹ بنادیے جو کہ شہر کے نقشے میں موجود ہی نہیں۔ قبضہ مافیا کے خلاف ایک عرصے سے شکایات منظر عام پر آتی رہی ہیں اور اس سلسلے میں خبر آئی ہے کہ بالآخر نئے وزیراعلیٰ سندھ کو کراچی کی سرکاری زمینوں پر غیر قانونی قبضے کے خلاف ایکشن لینے کا خیال آگیا ہے۔

گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو سے بذریعہ فون سرکاری زمینوں پر غیر قانونی قبضے کے حوالے سے دریافت کیا، وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ شہر میں اب بھی چائنا کٹنگ کی خبریں میڈیا میں گردش کررہی ہیں جس کے خلاف فوری طور پر کارروائی عمل میں لائی جائے، وزیراعلیٰ سندھ نے قبضوں کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی اور حکم بھی جاری کیا کہ اس حوالے سے ایک جامع پالیسی مرتب کریں اور جس پولیس اسٹیشن کی حدود میں زمین پر قبضہ ہو اس حد کی پولیس اور ایس ایچ او کو ذمے دار قرار دیا جائے۔ مراد علی شاہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کے ساتھ ساتھ سرکاری زمینوں اور املاک کی بھی حفاظت ان کا فرض ہے۔

سندھ کی اعلیٰ وزارت ایک جوان اور پرعزم شخصیت کے ہاتھوں میں ہے اور امید کی جانی چاہیے کہ مراد علی شاہ سندھ کی قیمتی سرکاری زمینوں کو قبضہ مافیا کے چنگل سے نجات دلائیں گے۔ اس سلسلے میں شنید ہے کہ شہر میں اب بھی قبضہ مافیا سرکاری اور فلاحی پلاٹوں، میدان اور پارکوں پر قبضہ کرکے رہائشی اور کاروباری یونٹ بنانے میں مصروف ہے، اس سلسلے میں فوری کارروائی عمل میں لاتے ہوئے نہ صرف چائنا کٹنگ و قبضہ مافیا کا خاتمہ کیا جائے بلکہ شہریوں کو بھی نقصان سے بچانے کے لیے اسٹرٹیجی مرتب کی جائے۔ ملک کے دیگر صوبوں میں بھی قبضہ مافیا کا یکساں کردار ہے ۔ وفاقی اور تمام صوبائی حکومتیں ملک بھر میں قبضہ مافیا کے خلاف موثر کارروائی عمل میں لائیں۔