مسلم لیگ ن کے مسعود خان آزاد کشمیر کے 26 ویں صدر منتخب

صدارتی انتخاب کے لئے کل 48 ووٹ کاسٹ ہوئے جن میں سے 42 ووٹ مسعود خان نے حاصل کئے۔


ویب ڈیسک August 16, 2016
صدارتی انتخاب کے لئے کل 48 ووٹ کاسٹ ہوئے جن میں سے 42 ووٹ مسعود خان نے حاصل کیے۔ فوٹو : آئی این پی

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے امیدوار مسعود خان بھاری تعداد میں ووٹ لے کر آزاد کشمیر کے 26ویں صدر منتخب ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق آزاد کشمیر کے صدر کے انتخاب کے لئے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں پولنگ کا عمل صبح 10 بجے سے دوپہر 3 بجے تک جاری رہا۔ مجموعی طور پر 48 ووٹ کاسٹ ہوئے جس میں سے مسلم لیگ (ن) کے صدارتی امیدوار مسعود خان نے 42 ووٹ لے کر واضح برتری حاصل کی جب کہ ان کے مدمقابل پیپلزپارٹی کے امیدوار چوہدری لطیف اکبر تھے جو صرف 6 ووٹ حاصل کرسکے۔

آزاد کشمیر کے 26 ویں صدر کے انتخاب کے لئے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سابق سفارت کار مسعود خان اور پیپلزپارٹی نے سابق وزیر خزانہ اور پارٹی کے جنرل سیکرٹری چوہدری لطیف اکبرکو نامزد کیا تھا جب کہ مسلم کانفرنس اور تحریک انصاف نے صدارتی انتخاب کے بائیکاٹ کا اعلان کررکھا تھا۔